بلااشتعال بھارتی فائرنگ کشمیریوں کیخلاف جارحیت ہے: نواز شریف

نوازشریف نے کہا کہ پاکستان بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی، جنگ بندی خلاف ورزیوں اورکشمیریوں کے بارے میں عالمی برادری کو مسلسل آگاہ کررہا ہے

373600
بلااشتعال بھارتی فائرنگ کشمیریوں کیخلاف جارحیت ہے: نواز شریف

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ نہ صرف کشمیریوں کے خلاف جارحیت ہے بلکہ یہ عالمی برادری کے ضمیر پر حملے کے مترادف ہے۔
انہوں نے یہ بات بدھ کے روز باغ آزاد کشمیر میں نئے تعمیر کیے گئے سپورٹس سٹیڈیم کا افتتا ح کرتے ہوئے کہی یہ سٹیڈیم زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں ترقیاتی منصوبوں کا حصہ ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھارتی فوج کی جانب سے اشتعال انگیزی ، جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کے بارے میں عالمی برادری کو مسلسل آگاہ کررہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان کشمیری بھائیوں کو ان کا ناقابل تنسیخ حق خودارادی ملنے تک ان کیلئے آواز اٹھاتارہے گا۔ انہوں نے کہاکہ حالیہ دنوں میں کنٹرول لائن اورورکنگ بائونڈری پر فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوگیاہے جس سے نہ صرف بے گناہ افراد بلکہ خطے کے امن و سلامتی کو بھی خطرہ لاحق ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ اورعالمی برادری کو خطے کے امن کے لئے سنگین خطرہ بننے والی ان خلاف ورزیوں کی جانب توجہ دلا رہا ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں