ادارہ کسی کے سامنے جوابدہ نہیں:الیکشن کمیشن

اچھا ہوتا اگر الیکشن کمیشن کسی عقلمند آدمی سے جواب لکھواتا: عمران خان

369604
ادارہ کسی کے سامنے جوابدہ نہیں:الیکشن کمیشن

پاکستان تحریک انصاف پارٹی PTI کے چئیر مین عمران خان کے 40 سوالات پر مشتمل مراسلے کا جواب دیتے ہوئے الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن ایک آئینی ادارہ ہے جو نہ تو کسی سیاسی جماعت کے سامنے جوابدہ ہے اور نہ ہی کوئی سیاسی جماعت اس طرح الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب کر سکتی ہے۔
اطلاع کے مطابق چئیر مین پی ٹی آئی عمران خان کے 40 سوالات پر مشتمل مراسلے کا جواب سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب فتح محمد کی جانب سے ایک صفحے پر مشتمل مراسلے کی شکل میں دیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان ایک سیاسی جماعت کے سربراہ کی حیثیت سے الیکشن کمیشن سے وضاحت طلب نہیں کر سکتے ، یہ غیر آئینی کام ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن آزاد و خود مختار ادارہ ہے لہٰذا عمران خان کے مطالبے پر کوئی رُکن مستعفی نہیں ہو گا۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کی جانب سے سال 2013 کے انتخابات میں ہونے والے بے ضابطگیوں پر الیکشن کمیشن کے عملے کے خلاف کاروائی کا مطالبہ بھی مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ ایسا کوئی قانون موجود نہیں ہے کہ جس کی رُو سے الیکشن کمیشن اپنے عملے کے خلاف کاروائی کرے۔
کمیشن نے کہا ہے کہ جو عملہ الیکشن ڈیوٹی پر مامور تھا وہ محکمہ تعلیم اور ضلعی انتظامیہ پر مشتمل تھا اور ان کی خلاف کاروائی کی صورت میں وہ آئندہ انتخابی ڈیوٹی دینے سے گریز کریں گے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کی شکایات اور جوڈیشل کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں الیکشن کمیشن اپنی خامیوں کو دُور کر رہا ہے۔
تاہم عمران خان نے الیکشن کمیشن کے جواب کو شرمناک قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ جواب صرف تحریک انصاف ہی نہیں بلکہ پوری قوم کے ساتھ مذاق ہے۔
عمران خان نے مزید کہا کہ انہیں وہ راستہ اختیار کرنے پر مجبور نہ کیا جائے کہ جسے وہ اختیار نہیں کرنا چاہتے۔
اس بات کے جواب میں کہ الیکشن کمیشن کسی سیاسی پارٹی کے سامنے جوابدہ نہیں ہے عمران خان نے کہا کہ میں ایک پارٹی کا چئیر مین ہوں جس نے انتخابات میں 80 لاکھ ووٹ لئے ہیں، سوال کرنا میرا حق ہے۔
عمران خان نے کہا ہے کہ اچھا ہوتا اگر الیکشن کمیشن کسی عقلمند آدمی سے جواب لکھواتا۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف مسئلے کا قانونی حل چاہتی ہے بصورت دیگر مجبوراً ہمیں سڑکوں پر آکر اسٹریٹ پاور کا استعمال کرنا ہو گا۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں