پاکستان حرمین شریفین کا تحفظ اپنا فرض سمجھتا ہے: صدر ممنون حسین

پاکستان کے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب میں حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کا عزم کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان اپنے اوپر عائد ہونے والے فرائض کو ادا کرتا رہے گا

252599
پاکستان حرمین شریفین کا تحفظ اپنا فرض سمجھتا ہے: صدر ممنون حسین

پاکستان کے صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے سعودی عرب میں حرمین شریفین کے تقدس کے تحفظ کا عزم کر رکھا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان اپنے اوپر عائد ہونے والے فرائض کو ادا کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی دونوں ملکوں کے درمیان پل کا کردارادا کررہے ہیں اور ہمیں پختہ یقین ہے کہ یہ پاکستانی بھی ضرورت پڑنے پر حرمین شریف کے لیے کسی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار سوموار کو اسلام آباد میں امام کعبہ ڈاکٹر الشیخ خالد الغامدی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے اس موقع پر پاکستان کی طرف سے سعودی عرب کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت سعودی عرب کا انتہائی احترام کرتے ہیں۔
اس موقع پر امام کعبہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط اور گہرے تعلقات ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کو حرمین شریفین اور سعودی عرب کی حکومت سے دلی لگاؤہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دونوں دوست ممالک کے قریبی دوستانہ تعلقات میں رخنہ نہیں ڈال سکتا کیونکہ ان کے مقاصد مشترک ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سعودی عرب کا ساتھ دے گا۔
ڈاکٹر خالد الغامدی نے خیبرپختونخواہ میں بارشوں اور طوفان کی وجہ سے جانی اور مالی نقصان پر گہرے رنج و غم کا بھی اظہار کیا۔



ٹیگز:

متعللقہ خبریں