پاکستان ہر مشکل گھڑی میں سعودی عرب کا ساتھ دے گا: نواز شریف

حکومت پاکستان نے سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، اجلاس میں یمن بحران کے پر امن حل کے لیے حکومتی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جب کہ سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے فریقین پر یمن بحران کا حل سلامتی کونسل کی قرادادوں کے مطابق مذاکرات سے نکالنے پر زور دیا گیا

238976
پاکستان ہر مشکل  گھڑی میں سعودی عرب کا ساتھ دے گا: نواز شریف

پاکستانی حکومت کی جانب سے سعودی عرب کو یقین دہانی کروادی گئی ہے کہ وہ حوثی قبائل اور یمن کے سابق صدر عبداللہ صالح کو اسلحے کی فروخت پر سلامتی کونسل کی لگائی جانے والی پابندی پرعمل درآمد میں اپنا کردار ادا کرے گا۔
وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدرات اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے بھی شرکت کی جب کہ اجلاس میں یمن کی صورت حال پر غور کیا گیا۔
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف،مشیرخارجہ سرتاج عزیز، طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ اعزاز چوہدری سمیت تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے بھی شرکت کی۔
وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والا اعلیٰ سطح کا اجلاس 4 گھنٹے جاری رہا جس میں ملک کی مجموعی سکیورٹی پر تبادلہ خیال اور بالخصوص یمن کی صورتحال پر غور کیا گیا جب کہ اس دوران وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے اپنے دورہ سعودی عرب کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔
وزیراعظم کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ حکومت پاکستان نے سعودی عرب کے شانہ بشانہ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، اجلاس میں یمن بحران کے پر امن حل کے لیے حکومتی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا گیا جب کہ سیاسی و عسکری قیادت کی جانب سے فریقین پر یمن بحران کا حل سلامتی کونسل کی قرادادوں کے مطابق مذاکرات سے نکالنے پر زور دیا گیا، توقع ہے یمن میں تمام فریق سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق اختلافات ختم کریں گے۔

یہ یقین دہانی پنجاب کے وزیراعلیٰ میاں شہباز شریف کی سربراہی میں جانے والے ایک وفد نے سعودی عرب کے رہنماوں کو کروائی ہے۔
اس اجلاس سے قبل وزیراعظم نواز شریف نے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد ذکا اللہ سے ایک علیحدہ ملاقات میں سلامتی کونسل کی جانب سے یمن کے باغیوں پر ہتھیاروں کی پابندی کی قرار داد پر عمل درآمد کروانے کے لئے پاکستانی کردار پر بات چیت کی۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں