رضا ربانی کا چیرمین اورعبدالغفور حیدری کا ڈپٹی چیرمین سینٹ حلف

پیپلزپارٹی کے رضا ربانی نے چیرمین اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری نے ڈپٹی چیرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا جب کہ صدر مملکت کی ملک میں عدم موجودگی کے باعث رضا ربانی قائم مقام صدر بن گئے  ہیں

260834
رضا ربانی کا چیرمین اورعبدالغفور حیدری کا ڈپٹی چیرمین سینٹ حلف

پاکستان پیپلزپارٹی کے رضا ربانی نے چیرمین اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مولانا عبدالغفور حیدری نے ڈپٹی چیرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا جب کہ صدر مملکت کی ملک میں عدم موجودگی کے باعث رضا ربانی قائم مقام صدر بھی بن گئے ہیں۔
پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی بلا مقابلہ چیرمین سینیٹ منتخب ہوئے جب کہ مولانا عبدالغفوری حیدری کے مد مقابل پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار شبلی فراز تھے، ڈپٹی چیرمین کے لیے ایوان بالا میں 96 ووٹ ڈالے گئے جس میں سے عبدالغفوری حیدری نے 74 اور شبلی فراز نے 16 ووٹ حاصل کیا جب کہ 6 ووٹ مسترد کردیئے گئے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے رضا ربانی سے چیئرمین سینیٹ کے عہدے کا حلف لیا۔ اس سے قبل ایوان سے خطاب میں میاں رضا ربانی کا کہنا تھا کہ میں پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں محمد نواز شریف اور تمام سیاسی جماعتوں کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں تمام منتخب سینیٹرز کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ تمام پارٹیوں کے ارکان کو ایک ہی نظر سے دیکھوں گا۔ کوشش ہوگی کہ اراکین کے اعتماد کو ٹھیس نہ پہنچے۔ سینیٹ میں سب کو یکساں اظہار خیال کا موقع دوں گا۔انھوں نے سیاسی قیادت کے اعتماد پر پورا اترنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے رضا ربانی کو چئیرمین سینیٹ بنائے جانے پر تمام جماعتوں کا اتفاق ہو چکا تھا۔مقررہ وقت تک چیئرمین کے عہدے پر کسی بھی اور امیدوار نے کاغذات جمع نہیں کروائے جس کے بعد رضا ربانی متفقہ چیئرمین منتخب ہو گئے ہیں۔
صدر پاکستان ممنون حسین آذر بائیجان کے دورے پر ہیں اس لیے رضا ربانی قائم مقام صدر بھی بن جائیں گے۔وزیر اعظم نواز شریف نے رضا ربانی کو بلامقابلہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔
نواز شریف نے کہا کہ متفقہ چیئرمین سینیٹ منتخب ہونے سے جمہوریت مضبوط ہو گی اور چیئرمین عہدہ سنبھالتے ہی ڈپٹی چیئرمین کا الیکشن کروائیں گے۔
قبل ازیں آصف زرداری نے ڈپٹی چئیرمین سینیٹ کا عہدہ جمیعت علمائے اسلام (ف) کو دینے کا فیصلہ کیا تھا جس پر مولانا فضل الرحمن نے عبدالغفور حیدری کا نام فائنل کیا۔


 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں