سینٹ کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران کی حتمی فہرست جاری

الیکشن کمیشن کی جاری کردہ امیدواروں کی حتمی فہرست کے مطابق سولہ امیدوار پنجاب، بارہ سندھ، بتیس بلوچستان اور ستائیس خیبرپختونخوا سے انتخاب میں حصہ لیں گے۔ حتمی فہرست کے مطابق اب پچاس جنرل اور دو اقلیتی نشستوں پر ایک سو اکتیس امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا

242400
سینٹ کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران کی حتمی فہرست جاری

پانچ مارچ کو ہونے والے ایوان بالا کے انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں۔الیکشن کمیشن نے سینٹ کے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران کی حتمی فہرست جاری کردی ہے۔
اگلے ماہ کی پانچ تاریخ کو ہونیوالے سینٹ کے انتخابات میں ایک سو اکتیس امیدوار حصہ لیں گے۔
الیکشن کمیشن کی جاری کردہ امیدواروں کی حتمی فہرست کے مطابق سولہ امیدوار پنجاب، بارہ سندھ، بتیس بلوچستان اور ستائیس خیبرپختونخوا سے انتخاب میں حصہ لیں گے۔ حتمی فہرست کے مطابق اب پچاس جنرل اور دو اقلیتی نشستوں پر ایک سو اکتیس امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔
اسی طرح اسلام آباد کی دونشستوں پر آٹھ امیدواروں اور فاٹا میں چار نشستوں پر چھتیس امیدواروں میں مقابلہ ہوگا۔چوراسی امیدوار جنرل نشستوں اکیس عورتوں کیلئے مخصوص نشستوں اور اٹھارہ امیدوار علماء اور ٹیکنو کریٹس کیلئے مخصوص نشستوں پر جبکہ آٹھ امیدوار غیر مسلموں کیلئے مخصوص نشستوں پر انتخاب میں حصہ لیں گے۔
دریں اثناء سندھ سے سینیٹ کے چار ارکان بلامقابلہ منتخب ہوگئے ہیں۔
ان میں پی پی کے فاروق ایچ نائیک اور ایم کیو ایم کے محمد علی سیف ٹیکنو کریٹ جبکہ پی پی کی سسی پلیجو اور ایم کیو ایم کی نگہت مرزا خواتین کیلئے مخصوص نشست پر بلامقابلہ منتخب ہوگئیں۔
پنجاب کی گیارہ نشستوں کیلئے سولہ امیدواروں میں مقابلہ ہو گا۔ خیبر پختونخوا میں مجموعی طور پر سات امیدواروں نے اپنے کاغذات واپس لے لئے جس کے بعد اب ستائیس امیدوار مقابلہ کریں گے۔ بلوچستان سے بھی چھ امیدواروں نے الیکشن نہ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد صوبے سے سینیٹ کی خالی ہونے والی بارہ نشستوں پر اب بتیس امیدوار آمنے سامنے ہیں۔



ٹیگز:

متعللقہ خبریں