دہشت گردی کیخلاف جنگ ہر حال میں جیتیں گے: :وزیراعظم نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم محمدنوازشریف نے ہرقیمت پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ وہ ہفتہ کے روز لاہور میں انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے بیچ کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کررہے تھے ۔

204889
دہشت گردی کیخلاف جنگ ہر حال میں جیتیں گے: :وزیراعظم نواز شریف

پاکستان کے وزیراعظم محمدنوازشریف نے ہرقیمت پر دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وہ ہفتہ کے روز لاہور میں انسداد دہشت گردی فورس کے پہلے بیچ کی پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کررہے تھے ۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پوری قوم اور قومی ادارے متحد ہو کر ایک فیصلہ کر چکے ہیں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں ہم نے جیتنی ہے کیونکہ یہ ہماری معاشی، معاشرتی زندگی اور آئندہ نسلوں کی بقائکا مسئلہ ہے ، جب قومیں ایک نکتہ پر متحد ہو جائیں تو انہیں کامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ بھی ایک بڑی ذمہ داری ہے اور اسکے لئے عملی کوششیں شروع ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہماری اقتصادی وسماجی ترقی اورآنے والی نسلوں کی بقاء ملک میں امن اور استحکام سے وابستہ ہے ۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پوری قوم اور قومی اداروں میں مکمل ہم آہنگی ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ایک طرف سیکورٹی فورسز آپریشن ضرب عضب جاری رکھے ہوئے ہیں اور دوسری طرف تمام ادارے ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے متحد ہیں۔
انہوں نے کہاکہ تمام سیاسی جماعتوں نے دہشت گردی کاخاتمہ اپنا مقصد بنالیا ہے اور اگر قوم نے اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھا تو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہماری کامیابی میں کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہوگی۔
نوازشریف نے کہاکہ وہ اور بری فوج کے سربراہ سیاسی قیادت سے صورتحال پر تبادلہ خیال اور انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں کی نگرانی کیلئے کراچی اور کوئٹہ کا دورہ کریں گے ۔
وزیراعظم نے کہاکہ انسداد دہشت گردی فورس اس لئے قائم کی گئی ہے کہ عوام کا تحفظ اور امن وامان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے ۔
نوازشریف نے کہاکہ اس فورس کو خصوصی کاررائیوں اور انٹیلی جنس سروسز کی تربیت دی گئی ہے ۔
انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے چیلنج سے کامیابی سے نمٹنے کیلئے انسداد دہشت گردی فورس کے اہلکاروں کی صلاحیتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ جدید سازوسامان فراہم کیاجائے گا ۔وزیراعظم نے فورس کی تربیت میں خصوصی دلچسپی لینے پر فوج کے سربراہ کا شکریہ ادا کیا ۔
پاسنگ آوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے پاک فوج کے اس عزم کو دوہرایا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی تربیت کرے گی اور امن وامان اور سیکورٹی کیلئے ان کے استعداد میں اضافہ کرے گی ۔
انہوں نے کہاکہ ہم نے اپنی تربیتی استعداد میں اضافہ کیا ہے اور تربیتی پروگرام کو مزید وسعت دی جائے گی ۔



ٹیگز:

متعللقہ خبریں