ہم ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے ہی چھوڑیں گے: جنرل راحیل

پنجاب اپیکس کمیٹی کا اجلاس کور ہیڈ کوارٹر لاہور میں ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر اور پنجاب بھر کے کور کمانڈرز نے بھی شرکت کی

170167
ہم ملک سے دہشت گردی کا خاتمہ کر کے ہی چھوڑیں گے: جنرل راحیل

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فتح کے لیے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، کیونکہ ہم نے انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ہر قیمت پر اس کی جڑوں سے اکھاڑ پھینکنا ہوگا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق قومی ایکشن پلان پر عملدرآمد کے لئے چاروں صوبوں میں اعلیٰ سویلین اور فوجی عہدیداروں پر مشتمل اپیکس کمیٹیاں تشکیل دے دی گئیں ہیں جن کا کام فوج اور حکومت میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہو گا۔
اس حوالے سے پنجاب اپیکس کمیٹی کا اجلاس کور ہیڈ کوارٹر لاہور میں ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل رضوان اختر اور پنجاب بھر کے کور کمانڈرز نے بھی شرکت کی جبکہ اجلاس میں صوبے میں امن وامان اورقومی عملی منصوبے پر عمل درآمد پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ تمام انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں میں ہم آہنگی ہی دہشت گردی کے خلاف کامیابی کی کنجی ہے، عوام، انٹیلی جنس اور دیگر فورسز کی کوششوں سے ہی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کو تیزعدالتی کارروائی میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز اے پی سی میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے قومی قیادت کا عہد طاقت کا باعث ہوگا ، جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کے لئے پوری قوم کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا اور ہم انتہا پسندی اور دہشت گردی کو ہر قیمت پر جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔
ادھر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بھی کہا کہ صوبے سے دہشت گردی کے خاتمے پر ہم اٹل ہیں اور کسی مشترکہ سلامتی منصوبے کی بدولت ہی دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے۔ ہم دہشت گردی کے خاتمے کی کوششوں میں پاک فوج کے شانہ بشانہ ہیں۔

 


ٹیگز:

متعللقہ خبریں