مشرف پر حملے میں ملوث ایک مجرم نیاز محمد کو پھانسی

سابق صدر پرویز مشرف پر حملے میں ملوث ایک مجرم نیاز محمد کو پشاور کی سنٹرل جیل میں پھانسی دے دی گئی ہے۔

166262
مشرف پر حملے میں ملوث ایک مجرم نیاز محمد کو پھانسی

سابق صدر پرویز مشرف پر حملے میں ملوث ایک مجرم نیاز محمد کو پشاور کی سنٹرل جیل میں پھانسی دے دی گئی ہے۔
مجرم نیاز محمد پاکستانی فضائیہ میں جونیئر ٹیکنیشن تھا اور اس نے دسمبر 2003 میں راولپنڈی کے جھنڈا چیچی پل کو دھماکہ خیز مواد سے اڑا کر صدر پرویز مشرف پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی تھی ۔اس جرم کی پاداش میں فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔
سرکاری ذرائع ابلاغ کے مطابق مجرم کو بدھ کی صبح چھ بج کر 40 منٹ پر پھانسی دی گئی ہے ۔ منگل کی شام اس کی اپنے اہل خانہ کی آخری ملاقات بھی کروا دی گئی تھی۔
خیال رہے کہ نیاز محمد کو چودہ دسمبر 2003 کو ہونے والے جس قاتلانہ حملے کے جرم میں سزائے موت سنائی گئی تھی، اسی مقدمے میں ان کے ساتھ فوجی عدالت نے ایک سویلین مشتاق احمد کے علاوہ فضائیہ کے تین دیگر اہلکاروں کو بھی سزائے موت دینے کا حکم دیا تھا۔
اسی مقدمے کے ایک مجرم فوجی اہلکار اسلام الدین شیخ عرف عبدالسلام صدیقی کو 20 اگست سنہ 2005 کو ملتان کی سنٹرل جیل میں پھانسی دی جا چکی ہے۔
پاکستان میں دہشت گردی کے مقدمات میں سزائے موت پانے والے افراد کی سزا پر عملدرآمد کا آغاز وزیرِ اعظم پاکستان کی ہدایت پر حال ہی میں ہوا ہے۔انھوں نے پشاور میں طالبان شدت پسندوں کے حملے میں 134 بچوں سمیت 143 افراد کی ہلاکت کے بعد دہشت گردوں کی سزائے موت پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کی تھیں۔
وزارتِ داخلہ نے ان احکامات کی روشنی میں 17 مجرموں کی فہرست تیار کی تھی جنھیں ابتدائی مرحلے میں پھانسی دی جائے گی اور نیاز محمد اس سلسلے میں تختۂ دار پر لٹکائے جانے والے ساتویں مجرم ہیں۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں