دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم متحد ہے: ممنون حسین

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، بدترین انجام تک پہنچا کر رہیں گے، ریاست اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی، صدر ممنون حسین کا کوئٹہ میں کرسمس تقریب سے خطاب، سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی

159371
دہشت گردی کے خلاف جنگ میں  پوری قوم متحد ہے: ممنون حسین

صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب نہیں، بدترین انجام تک پہنچا کر رہیں گے، ریاست اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی، صدر ممنون حسین کا کوئٹہ میں کرسمس تقریب سے خطاب، سانحہ پشاور کے شہداء کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
کوئٹہ میں ہولی روزی چرچ میں کرسمس تقریب میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین کا کہنا تھا کہ کرسمس کی تقریب میں شرکت اعزاز کی بات ہے، پاکستان کے عوام امن و سلامتی پر یقین رکھتے ہیں جب کہ مٹھی بھر دہشتگردوں نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے تاہم پوری قوم مل کر ان کا مقابلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور وہ بلاتفریق لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں، پشاور اور کوٹ رادھا کشن میں مسیحی برادری کو نشانہ بنایا جانا افسوسناک ہے تاہم حکومت اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنائے گی۔
صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا تھا کہ اقلیتی براداری کو ملک میں پوری آزادی سے اپنی تقریبات منانے کی اجازت ہے حضرت عیسٰی علیہ اسلام کی تعلیمات ہوں یا قائداعظم محمد علی جناح کے اقوال سب ہی خیر و بھلائی کا درس دیتے ہیں ۔ ان تعلیمات کا مقصد معاشرے میں عدم توازن کا خاتمہ ہے، پاکستان میں تمام لوگ ایک قوم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر انہیں پہلی دستور ساز اسمبلی میں قائداعظم کا خطاب یاد آ رہا ہے جس میں یہ واضح تھا کہ پاکستان ایک ایسا ملک ہے جہان ہر خاص و عام رنگ و نسل اور مذہب کی تفریق کے بنا پر تمام پاکستانیوں کو ایک قوم کا نام دیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ پشاور واقعہ ناقابل فراموش ہے یہ سانحہ پشاور چرچ کی طرح باعث افسوس اور قابل مذمت ہے ۔ معصوم بچوں کو قتل کر دینا انسانیت کی توہین ہے ۔ وقت آ گیا ہے کہ ان مٹھی بھر دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر مملک کو امن کا گہوارہ بنا یا جائے۔
اس موقع پر مسیحی براداری کی بڑی تعداد نے کرسمس دعائیہ تقریب میں ملک کی سلامتی اور بقاء کے لیے بھی خصوصی دعا مانگی ۔ کرسمس کے لیے کوئٹہ کے تمام چرچز میں سیکورٹی کے انتظامات بھی انتہائی سخت تھے۔ پولیس اور ایف سی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں