چیف جسٹس آگے بڑھ کر ملک کو بچائیں ورنہ خونی انقلاب آئے گا: عمران

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی بھی وقت ہے پاکستان کو بچالو ورنہ خونی انقلاب سب کو بہا لے جائے گا

127229
چیف جسٹس آگے بڑھ کر ملک کو بچائیں ورنہ خونی انقلاب آئے گا: عمران

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیف جسٹس آف پاکستان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی بھی وقت ہے پاکستان کو بچالو ورنہ خونی انقلاب سب کو بہا لے جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ جمہوریت کو بچانا چیف جسٹس آف پاکستان کی ذمہ داری ہے اور ان کو آگے بڑھ کر اپنا فرض نبھانا چاہیے۔
انہوں نے اسلام آباد میں دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں تاریخ کی بد ترین دھاندلی ہوئی جس کے ثبوت موجود ہیں لیکن ہمیں انصاف نہیں ملا، انصاف کے لئے پرامن احتجاج کرنا ہر پاکستانی کا حق ہے اور تحریک انصاف کا دھرنا کسی قانون کی خلاف ورزی نہیں ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے مزید کہا کہ شریف برادران نے ہر قسم کی چوری، منی لانڈرنگ اور ٹیکس چوری کی ہے۔ 1985 میں انہوں نے اپنے خاندان کے مجموعی اثاثے 40 کروڑ روپے ظاہر کئے تھے لیکن اب ان کے اثاثے 500 ارب روپے کے ہیں۔ نواز شریف اپنے اقتدار کے لئے اس ملک کو تباہی کی جانب لے جارہے ہیں کیونکہ جب تک وہ وزیراعظم اور ان کے بھائی وزیراعلیٰ پنجاب رہیں گے وہ دھاندلی کی غیر جانبدارانہ تحقیقات نہیں ہونے دیں گے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کرتے ہیں کہ پاکستان کی جمہوریت کو بچانا ان کی ذمہ داری ہے۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کی گرفتاریوں اور کنٹینرز لگاکر حکومت اور پولیس اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی کھلی خلاف ورزی کررہی ہے۔ ایسی صورت حال میں عوام کے بنیادی حقوق کا تحفظ سپریم کورٹ اورعدلیہ کا فرض بنتا ہے۔


ٹیگز:

متعللقہ خبریں