اسرائیلی فضائیہ کے غزہ پر حملے، متعدد ہلاکتوں کی اطلاع

مقبوضہ فلسطین اور غزہ پٹی سمیت دیگر علاقوں پر اسرائیلی حملے رات بھر جاری رہے جس میں ایک ہی خاندان کے 19 افراد سمیت اب تک چار سو سے زائد افرا دہلاک اور دو ہزار سے زائد زخمی ہو چکےہیں

2048094
اسرائیلی فضائیہ کے غزہ پر حملے، متعدد ہلاکتوں کی اطلاع

مقبوضہ فلسطین اور غزہ پٹی سمیت دیگر علاقوں پر اسرائیلی حملے رات بھر جاری رہے جس میں ایک ہی خاندان کے 19 افراد سمیت اب تک چار سو سے زائد افرا دہلاک اور دو ہزار سے زائد زخمی ہو چکےہیں۔

یہودی قوتوں کی جانب سے غزہ میں حماس کے 800 اہداف کو نشانہ بنا نے کا دعویٰ کیا گیا اور اسرائیلی فضائیہ کے ساتھ ساتھ اسرائیلی بحریہ کی جانب سے بھی مقبوضہ فلسطینی علاقوں پر بمباری کی گئی۔

اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو کی جانب سے فلسطینیوں کو 12 گھنٹے میں غزہ خالی کرنے کی مہلت ختم ہو گئی، اسرائیل نے غزہ کو بجلی، ایندھن اور دیگر اشیا کی فراہمی بند کرنے کے بعد انٹرنیٹ سروس بھی معطل کر دی

اس کے علاوہ اسرائیل نے لبنان کی سرحد پر فضائی دفاعی نظام نصب کرتے ہوئے لبنان کو دھمکی دی کہ اگر لبنان کی جانب سے اسرائیل پر حملہ ہوا تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

حماس کے طوفان الاقصیٰ آپریشن میں اسرائیلی ہلاکتوں کی تعداد 700 جبکہ فلسطینی ہلاکتیں 413 ہوگئیں۔

ہفتہ کے روز شروع ہونے والی لڑائی اتوار کو بھی سارا دن جاری رہی، اسرائیل پر غیر متوقع حملے کے بعد حزب اللہ بھی لبنان سے یہودی  ریاست کو نشانہ بنارہی ہے، حماس کے جنگجو اب بھی اسرائیلی مقبوضہ علاقوں کے اندر موجود ہیں جہاں انکی کئی مقامات پر اسرائیلی فوج سے دو بدو جھڑپیں ہورہی ہیں۔

 حماس کے اچانک حملے کے بعد سے اسرائیلی فوج اب تک سنبھل نہیں پائی ہے، مختلف جھڑپوں میں اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تعداد 700 سے تجاوز کرگئی جن میں سینکڑوں فوجی اور پولیس اہلکار شامل ہیں۔

 اسرائیلی فوج نے بزدلانہ کارروائی میں غزہ میں حماس کے کمانڈرز کے گھروں پر رات بھر بمباری کی، ہر طرف تباہی کے مناظر ہیں جبکہ  ان حملوں میں بچوں سمیت 413 فلسطینی  ہلاک ہوچکے ہیں۔

دوسری جانب، لبنان کی حزب اللہ نے اسرائیلی سرزمین پر مارٹر شیلز سے حملے کیے جس میں بڑے پیمانے پر اسرائیلیوں کی ہلاکتوں کا امکان ظاہر کیا ہے، اسرائیل نے بھی لبنان پر میزائل داغے تاہم کسی نقصان کی اطلاع تاحال موصول نہیں ہوئی۔

اقوام متحدہ سمیت عالمی قوتوں نے اسرائیل اور حماس سے تحمل سے کام لینے کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں امن کے قیام کے لیے دونوں کو مل کر بیٹھنا ہوگا۔

اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے عالمی قوتوں کے مطالبے کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے غزہ میں حماس کے ٹھکانوں کو ملیا میٹ کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے اسرائیلی شہریوں کو 24 گھنٹوں میں غزہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔

حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کا کہنا ہے غزہ میں کامیابی کے بعد یہ جنگ مغربی کنارے اور یروشلم تک جائے گی اور اپنی سرزمین سے قابضین کے خاتمے تک جاری رہے گی۔



متعللقہ خبریں