کلین سویپ کا بدلہ کلین سویپ سے

عثمان خان شنواری کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سری لنکا  کلین سویپ ہونے سے نہ بچ سکا اور اسے ایک بار پھر مایوسی کا سامنا کرنا پڑا

832678
کلین سویپ کا بدلہ کلین سویپ سے

پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ سیریز میں  ناقص کارکردگی اور دو-صفر سے سیریز  میں شکست کا بدلہ  ون ڈے سیریز  میں  لے لیا ہے۔

شارجہ میں کھیلے جانے والے ون ڈے سیریز کے آخری میچ میں  بھی پاکستانی باؤلرز نے  لنکن بلے بازوں  کی ایک نہ چلنے دی ، عثمان خان شنواری کی تباہ کن باؤلنگ کی بدولت سری لنکا  کلین سویپ ہونے سے نہ بچ سکا اور اسے نو وکٹوں سے  شکست  کا سامنا کرنا پڑا۔

سیریز کے پانچویں اور آخری ون ڈے میچ میں سری لنکن ٹیم نے ایک مرتبہ پھر ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ  ایک دم غلط ثابت ہوا۔

اپنے کیریئر کا دوسرا ون ڈے میچ کھیلنے والے عثمان خان شنواری نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے اپنی ابتدائی 21 گیندوں پر پانچ سری لنکن کھلاڑیوں کو  پویلین کی راہ دکھاتے ہوئے  اس کی  بیٹنگ لائن کی کمر توڑ دی۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو اوپنرز فخر زمان اور امام الحق نے ٹیم کو 84 رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا، فخر آؤٹ ہونے والے واحد کھلاڑی تھے جو 47 گیندوں پر 48 رنز کی اننگز کھیلے کے بعد پویلین لوٹے۔

امام الحق نے 21ویں اوور کی دوسری گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو نو وکٹ کی شاندار فتح سے ہمکنار کرا دیا، انہوں نے 45 رنز بنائے۔

عثمان خان  مین آف دی میچ قرار پائے۔

اس سے قبل پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں پوری امید ہے کہ پاکستانی ٹیم جس عمدہ کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہے وہ سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز پانچ صفر سے جیت جائے گی۔

واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی کے پہلے میچ میں بھارت سے ہارنے کے بعد پاکستانی ٹیم اب تک لگاتار آٹھ ون ڈے انٹرنیشنل  میں فتح سے ہمکنار ہو چکی ہے۔

سری لنکا کے خلاف ایک روزہ سیریز میں حسن علی عالمی رینکنگ میں پہلے نمبر پر آئے ہیں، بابر اعظم  چوتھی جبکہ  محمد حفیظ دوبارہ عالمی نمبر ایک آل راؤنڈر بن گئے ہیں۔

 

 



متعللقہ خبریں