پاک فوج پی ایس ایل فائنل کی سیکورٹی کو یقینی بنائے گی

وزیراعلیٰ پنجاب  کا کہنا تھا کہ ملک میں خوف و ہراس کی فضا کا قلع  قمع  کرنا  ہماری اولین ترجیح ہے

682536
پاک فوج پی ایس ایل فائنل کی سیکورٹی کو یقینی بنائے گی

پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیر اعلیٰ پنجاب کو پی ایس ایل فائنل کی سیکورٹی پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید سے ٹیلی  فون پر رابطہ قائم کرتے ہوئے  پاکستان سپر لیگ فائنل کی سیکورٹی  کے حوالے سے  آگاہی حاصل کی۔ آرمی چیف نے بتایا ہے  کہ پی ایس ایل کی سیکورٹی کےلیے فوج  بھرپور تعاون فراہم  کرے گی ۔

اس سے پیشتر  شہباز شریف کی سربراہی میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن وامان کا خصوصی اجلاس ہوا جس میں متعلقہ وزارتوں اور محکموں کے اعلیٰ افسران  سمیت  پاک فوج کے نمائندوں  نے بھی شرکت کی۔  

اجلاس  میں  وزیراعلیٰ پنجاب  کا کہنا تھا کہ ملک میں خوف و ہراس کی فضا کا قلع  قمع  کرنا  ہماری اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ  ہنگامی حالات میں ہمیشہ غیر معمولی اقدامات کرنے پڑتے ہیں، کابینہ کمیٹی امن وامان باقاعدگی سے تمام انتظامات کا جائزہ لے۔

انہوں  نے  واضح کیا کہ پی ایس ایل کے فائنل کا لاہور میں انعقاد پوری قوم کی  دیرینہ خواہش ہے اس معاملے کو وزیراعظم اور آرمی چیف کی مشاورت و  معاونت بھی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پاکستان کی عزت کا معاملہ ہے ہم  اس پر حرف نہیں آنے دیں گے۔ لاہور میں پی ایس ایل فائنل کا انعقاد پاکستانی عوام اور  ملک کے لئے باعث اعزاز ہے،ا جتماعی کاوشوں سے میچ کے  انتظامات  کو احسن  طریقے سے  انجام دیا جائیگا۔



متعللقہ خبریں