پاکستان میں کھیلوں پر خاص توجہ نہیں دی جاتی، عمران خان

اگر 18 سال کی عمر میں برطانیہ نہ جاتا اور وہاں کرکٹ نہ سیکھتا تو شاید  کبھی بھی اچھا کرکٹر نہ بن پاتا

660945
پاکستان میں کھیلوں پر خاص توجہ نہیں دی جاتی، عمران خان

پشاور میں دوسری انڈر 23 خیبر پختونخوا گیمز ٹرافی کی رونمائی کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے  پی ٹی آئی کے چیئر مین عمران خان کا کہنا ہے  کہ کھیل انسانوں کے جلد  بوڑھا ہونے کا سد  باب کرتے ہیں،  تا ہم  پاکستان میں کھیلوں کوزیادہ  اہمیت نہیں دی جاتی۔

انہوں نے بتایا کہ اگر ہماری حکومت بنی تو کھیلوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، مجھے خوشی ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کھیلوں پر توجہ دے رہے ہیں۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کو 1992 میں ورلڈکپ  دلانے میں بطور کپتان  اہم کردار  ادا کرنے والے سابق کپتان عمران خان نے کہا ہے کہ اگر وہ 18 سال کی عمر میں انگلینڈ نہ جاتے اور وہاں کرکٹ نہ سیکھتے، تو شاید  کبھی بھی اچھے کرکٹر نہ بن پاتے۔

عمران خان نے پشاور کے حیات آباد اسپورٹس کمپلیکس کا دورہ کیا، ان کے ساتھ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک اور معروف کرکٹر شاہد آفریدی بھی تھے۔

عمران خان نے نئے کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں کرکٹ کے گر سکھائے۔

انہوں نے  کہا کہ برطانیہ  میں نہ صرف انہیں کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا بلکہ دنیا کی ایک  اچھی یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے کا موقع بھی ملا، جس وجہ سے وہ آگے بڑھے۔

ان کے مطابق پاکستان میں کھیل اور تعلیم کو اہمیت نہیں دی جاتی، کھیل بہت سی برائیوں سے روکتا اور صحت بہتر کرتا ہے، جب کہ تعلیم ذہنی مقابلہ کرنے کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔

عمران خان نے اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ قبائلی علاقوں میں کھیلوں کے میدان بنانا چاہتے ہیں، جب کہ وہ اس بات کے بھی حامی ہیں کہ ملک میں کھلاڑیوں کوبیرون ملک کے معیار کے مطابق سہولتیں دی جانی چاہیے۔



متعللقہ خبریں