یہ وباء ہمارے لئے ایک "بحران اور سخت امتحان" کی حیثیت رکھتی ہے: شی جن پنگ

یہ وباء حزب اقتدار پارٹی کے 1949 سے لے کر اب تک کے دور کی پہلی سخت ترین اور ہنگامی ترین صحت کی صورتحال ہے: صدر شی جن پنگ

1364868
یہ وباء ہمارے لئے ایک "بحران اور سخت امتحان" کی حیثیت رکھتی ہے: شی جن پنگ

چین میں کووِڈ۔19 وباء کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 594 تک پہنچ گئی ہے۔

نیشنل ہیلتھ کمیشن  کی طرف سے جاری کئے گئے تحریری بیان کے مطابق حالیہ 24 گھنٹوں میں کووِڈ۔19 کی وجہ سے 150 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 409 نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔

اس طرح ملک میں کووِڈ۔19 کی وجہ سے ہلاک ہونے والوں  کی تعداد 2 ہزار 594ہو گئی ہے جن میں سے 2 کا تعلق ہانگ کانگ سے تھا۔ وائرس کے مریضوں کی تعداد بھی 77 ہزار 150 ہو گئی ہے۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے صورتحال کے بارے میں جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ وباء ابھی تک شدت اور غیر یقینی کیفیت  کو برقرار  رکھے ہوئے ہے۔

شی جن پنگ نے متعلقہ حکام سے " وائرس کے پھیلاو کے پُر عزم شکل میں سدّباب " کی اپیل کی ہے  اور کہا ہے کہ یہ وباء ہمارے لئے ایک "بحران اور بڑے امتحان" کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یہ وباء حزب اقتدار پارٹی کے 1949 سے لے کر اب تک کے دور کی پہلی سخت ترین اور ہنگامی ترین صحت کی صورتحال ہے۔

دوسری طرف یورپی یونین  کے بعض رکن ممالک نے کورونا وائرس کے خلاف جدوجہد میں کردار ادا کرنے کے لئے چین کو میڈیکل ماسک ، دستانے اور جراثیم کش حفظان صحت کی اشیاء پر مشتمل امداد فراہم کی ہے۔

یورپی یونین کمیشن  کی طرف سے جاری کئے گئے تحریری بیان  کے مطابق کمیشن کے علاوہ آسٹریا، جمہوریہ چیک، ہنگری اور سلووینیا  نے کووِڈ۔19 کے خلاف جدوجہد کے لئے چین کو 25 ہزار ٹن حفظان صحت پر مشتمل سامان فراہم کیا ہے۔

واضح رہے کہ کووِڈ۔19 وائرس 12 دسمبر کو  چین کے شہر ووہان سے ابھرا اور قلیل مدت میں نہ صرف ملک بھر میں بلکہ بیرونی ممالک میں بھی پھیلنا شروع ہو گیا جس کے بعد عالمی ادارہ صحت نے ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا تھا۔



متعللقہ خبریں