روس کے بغیر اناج راہداری سمجھوتے کا راستہ خطرات سے بھرا راستہ ہو گا: پیسکوف

جس علاقے کی ہم بات کر رہے ہیں وہ  براہ راست میدانِ جنگ سے قریبی علاقہ ہے۔ موزوں ضمانتوں کے بغیر وہاں خطرات ہمیشہ موجود رہیں گے: دمتری پیسکوف

2013013
روس کے بغیر اناج راہداری سمجھوتے کا راستہ خطرات سے بھرا راستہ ہو گا: پیسکوف

روس صدارتی پیلس کے ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا ہے کہ روس کے بغیر اناج راہداری  سمجھوتے کا راستہ خطرات سے بھرا  ہوا راستہ ہو گا اور ہم نہیں جانتے کہ یہ خطرات کون سے ممالک مول لیں گے۔

پیسکوف نے ، یوکرین کی پیش کردہ  اور روس کے بغیر اناج راہداری سمجھوتے کے دوام کی تجویز کے بارے میں اخباری نمائندوں کے لئے بیانات جاری کئے ہیں۔

پیسکوف نے کہا ہے کہ اس موضوع کے بارے میں روس مسلح افواج  کا بات کرنا ضروری ہے لیکن میں اتنا کہوں گا کہ جس علاقے کی ہم بات کر رہے ہیں وہ  براہ راست میدانِ جنگ سے قریبی علاقہ ہے۔ موزوں ضمانتوں کے بغیر وہاں خطرات ہمیشہ موجود رہیں گے۔ یہی وجہ ہے کہ اگر روس سے بالا بالا  کوئی فارمولا تشکیل دینے کی کوشش کی جاتی ہے  تو  ان خطرات  کو بھی نگاہ میں رکھنا ضروری ہو گا۔ فی الحال  ہم  کچھ نہیں کہہ سکتے کہ کون سے ممالک یہ خطرات مول لے سکتے ہیں"۔

پیسکوف نے کہا ہے کہ اناج سمجھوتے  کے اطلاق کے لئے اس علاقے  کا استعمال پُر خطر ہو گا۔ یہ بات سب جانتے ہیں کہ کیف انتظامیہ اس علاقے کو عسکری مقاصد کے لئے استعمال کر رہی ہے۔ اس پہلو کو بھی فراموش نہیں کیا جانا چاہیے"۔

انہوں نے کہا ہے کہ اناج سمجھوتے کی شرائط  کا اطلاق نہ کئے جانے کے باوجود روس نے اپنی ذمہ داریاں پوری کی ہیں۔ ہم سمجھوتہ طے کرنے اور  یورپی ممالک کو اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے پر قائل کرنے  میں اقوام متحدہ  کے سیکرٹری جنرل  انتونیو گٹرس  کے کردار کو سراہتے ہیں۔

پیسکوف نے کہا ہے کہ اناج سمجھوتہ منسوخ ہونے کے بعد  روس یوکرینی اناج کی رسد کی جگہ پسماندہ ممالک کی امداد جاری رکھے گا۔ تاہم،   اگر سمجھوتے کی شرائط پوری کی جاتی ہیں تو روس سمجھوتے کو بحال کر سکتا ہے۔

واضح رہے کہ یوکرین کے صدر ولادی میر زلنسکی نے کہا تھا کہ ہم نے ترکیہ اور اقوام متحدہ   کو ارسال کردہ مراسلے میں روس کے بغیر اناج سمجھوتہ جاری رکھنے کی تجویز پیش کی اور کہا ہے کہ یوکرین، اقوام متحدہ اور ترکیہ مل کر غذائی کوریڈور  کو بحال رکھ سکتے اور جہازوں کی مانیٹرنگ کر سکتے ہیں۔



متعللقہ خبریں