شمالی کوریا پر مزید پابندیاں،امریکی صدر نے منظوری دے دی

امریکہ کے صدر براک اوباما نے شمالی کوریا پر اس کے جوہری اور بیلسٹک میزائل تجربات کی پاداش میں نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں

452413
شمالی کوریا پر مزید پابندیاں،امریکی صدر نے منظوری دے دی

امریکہ کے صدر براک اوباما نے شمالی کوریا پر اس کے جوہری اور بیلسٹک میزائل تجربات کی پاداش میں نئی پابندیاں عائد کر دی ہیں۔

یاد رہے کہ شمالی کوریا نے چھ جنوری کو جوہری اور سات فروری کو بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا جو کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی اس ضمن میں متعدد قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی تھا۔

وائٹ ہاوس کے ترجمان جوش ارنسٹ نےگزشتہ روز صدر کے اس فیصلے کا اعلان کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی طرف سے متفقہ طور پر منظور کی گئی پابندیوں کے تناظر میں یہ یک طرفہ اقدام امریکہ کو یہ پابندیاں عائد کرنے کی اجازت دیتا ہے۔

ارنسٹ نے کہا کہ امریکہ اور عالمی برادری شمالی کوریا کے ناجائز جوہری اور بیلسٹک میزائل کی سرگرمیوں کو برداشت نہیں کرے گی اور ہم شمالی کوریا پر اس وقت تک پابندیاں عائد کرتے رہیں گے جب تک وہ بین الاقوامی ذمہ داریوں کی پاسداری نہیں کرتا۔

واضح رہے کہ شمالی کوریا بین الاقوامی برادری کے شدید ردعمل کے باوجود اپنے موقف پر ڈٹا ہوا ہے اور اس کے رہنما کم جونگ اُن کی طرف سے دھمکی آمیز بیانات سامنے آتے رہے ہیں۔



متعللقہ خبریں