امریکہ: ہماری اسرائیل پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی
ہماری اسرائیل پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور ہم اسرائیل کی مدد جاری رکھیں گے: کیرین جین۔ پیئر
امریکہ نے کہا ہے کہ ہماری اسرائیل پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور ہم اسرائیل کی مدد جاری رکھیں گے۔
وائٹ ہاوس کی ترجمان کیرین جین۔ پیئر نے معمول کی پریس کانفرنس میں اخباری نمائندوں کے سوالوں کے جواب دیئے ہیں۔
مشرق وسطی میں کشیدگی میں اضافے کے بعد امریکہ سے اسرائیل کی عسکری امداد بند کرنے کی طلب سے متعلق سوال کے جواب میں کیرین نے کہا ہے کہ "امریکہ کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی"۔
انہوں نے کہا ہے کہ "اسرائیل کے تحفظ سے ہماری وابستگی غیر متزلزل ہے اور بالکل تبدیل نہیں ہوئی۔ اسرائیل کی سلامتی کے ساتھ ہمارا تعاون بھی بدستور جاری ہے"۔
کیرین نے کہا ہے کہ ہم علاقے میں کسی سفارتی حل کے خواہش مند ہیں۔ ہمیں یقین ہے کہ ہم اس میں کامیاب ہو جائیں گے اور ہم اسی نہج پر آگے بڑھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکہ انتظامیہ کو اسرائیل کی غیر مشروط حمایت کی وجہ سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ امریکہ نے اگست کے وسط میں 5 مختلف امدادی پیکجوں کے ساتھ اسرائیل کے ہاتھ کُل 20 بلین ڈالر کا اسلحہ فروخت کیا تھا۔