کینیڈا: تیزی سے پھیلتی جنگل کی آگ، وسیع جنگلاتی اراضی جل کر راکھ

آگ سے ایک لاکھ 31 ہزار 737 ہیکٹر جنگلاتی اراضی کو نقصان پہنچا ہے اور اس وقت تک علاقے سے 37 ہزار افراد کو  نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے

772061
کینیڈا: تیزی سے پھیلتی جنگل کی آگ، وسیع جنگلاتی اراضی جل کر راکھ

کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے علاقوں ایشکورفٹ، کاشے کریک، 100 مائل ہاوس اور 150 مائل ہاوس میں لگی جنگل کی آگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

برٹش کولمبیا فائر انفارمیشن مرکز کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق آگ ولئیمز لیک کے علاقے تک پہنچ گئی ہے، آگ سے ایک لاکھ 31 ہزار 737 ہیکٹر جنگلاتی اراضی کو نقصان پہنچا ہے  اور اس وقت تک علاقے سے 37 ہزار افراد کو  نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

حکام کے مطابق 162 مختلف مقامات  آگ کی لپیٹ میں آئے ہوئے ہیں اور آگ بھجانے کی کاروائیوں میں 2 ہزار 895 افراد شامل ہیں جن میں 415 افراد کا تعلق فائر بریگیڈ کے عملے سے ہے۔

آگ بھجانے اور امدادی کاموں میں 150 فوجی اور 3  فوجی ہیلی کاپٹروں سمیت 10 طیارے بھی شامل ہیں ۔

حکام کے مطابق علاقے میں ہوا 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی  ہے جو آگ کے پھیلنے کی بنیادی وجہ ہے۔

علاقے سے نکالے جانے والے افراد کے لئے 11 کیمپ لگائے گئے ہیں۔

آگ سے متاثرہ افراد میں کینیڈا ریڈ کراس سمیت سول سوسائٹیوں اور سرکاری اداروں کی طرف سے خوراک اور صحت و صفائی کا سامان تقسیم کیا جا رہا ہے۔

اسلامک ریلیف کینیڈا نامی بین الاقوامی امدادی تنظیم نے بھی آگ کے متاثرین کو امداد بھیجنے کے لئے امدادی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔

دوسری طرف آگ سے متاثرہ  اور شہریوں سے خالی کروائے جانے والے علاقوں میں چوریوں کے الزام میں پولیس نے 10 افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔



متعللقہ خبریں