شام کے معاملے پر دوطرفہ کشیدگی کم کرنےکےلیے روابط ضروری ہیں: ٹلرسن

امریکہ کے وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن نے ماسکو میں کہا ہے کہ وہ ایک کھلے ماحول میں گفتگو کے منتظر ہیں تا کہ ہم امریکہ اور روس کے تعلقات کو یہاں سے آگے بڑھانے کے لیے بہتر راہ متعین کر سکیں

711536
شام کے معاملے پر دوطرفہ کشیدگی کم کرنےکےلیے روابط  ضروری ہیں: ٹلرسن

شام کے معاملے پر روس کے ساتھ پیدا ہونے والی کشیدگی کے ماحول میں امریکہ کے وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن کی ماسکو میں اپنے ہم منصب سرگی لیوروف سے ملاقات شروع ہوئی۔

منصب سنبھالنے کے بعد ٹلرسن اپنے پہلے دورہ روس کے سلسلے میں ماسکو میں  ہیں۔

ملاقات سے قبل ٹلرسن کا کہنا تھا کہ وہ ایک کھلے ماحول میں گفتگو کے منتظر ہیں تا کہ ہم امریکہ اور روس کے تعلقات کو یہاں سے آگے بڑھانے کے لیے بہتر راہ متعین کر سکیں۔

روس کے ساتھ موجودشدید اختلافات کا اعتراف کرتے ہوئے ٹلرسن کا کہنا تھا کہ امریکہ مشترکہ مفادات کو واضح اور اختلافات کو کم کرنے کا جائزہ لینا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ  رابطوں کے ذرائع ہمیشہ کھلے رہیں گے۔

اس موقع پر روسی وزیرخارجہ سرگی لیوروف کا کہنا تھا کہ امریکہ کو گزشتہ ہفتے شامی حکومت کے فضائی اڈے پر کیے گئے کروز میزائل کارروائی جیسا اقدام مزید نہیں کرنا چاہیے۔

واشنگٹن اس کارروائی کو شامی فضائیہ کی طرف سے شہریوں پرکیمیائی حملے کا ردعمل قرار دیتا ہے۔

 یاد رہے کہ ٹلرسن صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے پہلے عہدیدار ہیں جو ماسکو کا دورہ کر رہے ہیں۔

دوسری جانب  روس کے صدر ولادیمر پوٹن کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ صدر امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کرسکتے ہیں۔

 

 



متعللقہ خبریں