چاوش اولو کا سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، سرگئی لاوروف، دیمترو کولیبا سے ٹیلی فونک رابطہ

وزارت کی طرف سے ایک تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ چاوش اولو  اور گوتریس  نے اناج راہداری پر تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا

1901506
چاوش اولو کا سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، سرگئی لاوروف،  دیمترو کولیبا سے ٹیلی فونک رابطہ

وزیر خارجہ  میولود چاوش اولو   نے اقوام متحدہ  کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس، روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف اور یوکرین کے وزیر خارجہ دیمترو کولیبا سے ٹیلی   فون پر  بات چیت کی ہے۔

وزارت کی طرف سے ایک تحریری بیان میں کہا گیا ہے کہ چاوش اولو  اور گوتریس  نے اناج راہداری پر تازہ ترین پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا۔

اطلاع کے مطابق  بات چیت  کے دوران چاوش اولو نے اناج کے معاہدے کو دوبارہ فعال کرنے کے لیے صدر رجب طیب ایردوان کی قیادت میں ترکیہ  کے اقدامات کے بارے میں گوتیرس کو آگاہ کیا۔

اس موقع پر  اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اناج راہداری کو دوبارہ کھولنے میں ترکی کی کوششوں کا شکریہ ادا کیا اور اس کے نتیجے پر اپنے انتہائی اطمینان کا اظہار کیا۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ  اناج راہداری پر تازہ ترین پیش رفت پر لاوروف اور کولیبا کے ساتھ چاووش اولو کی ملاقات میں  بھی غور کیا گیا ہے۔

عالمی غذائی بحران کے حل کے لیے ترکیہ  کے تعاون سے کیے گئے اناج کی ترسیل کے معاہدے پر 22 جولائی کو استنبول میں صدر رجب طیب ایردوان کی سرپرستی میں یوکرین، روس، ترکیہ  اور اقوام متحدہ کے درمیان دستخط کیے گئے تھے۔

روس نے 29 اکتوبر کو اعلان کیا کہ اس نے یوکرین سے اناج کی مصنوعات کی برآمد کے معاہدے کو معطل کر دیا ہے۔

روسی وزارت خارجہ نے یوکرین پر الزام لگایا کہ وہ اناج کی برآمد کے لیے بنائے گئے انسانی راہداری کا استحصال کر رہا ہے اور سیواستوپول میں بحریہ کے اڈے پر روسی بحیرہ اسود کے بحری بیڑے کے بحری جہازوں اور انفراسٹرکچر پر ڈرون کے ذریعے فضائی اور سمندری حملے کر رہا ہے۔

صدر ایردوان نے کل اعلان کیا کہ اناج کی گزرگاہ کو دوبارہ کھول دیا گیا ہے ۔

روسی وزارت دفاع کی طرف سے جاری کردہ بیان میں اعلان کیا گیا کہ ماسکو کو ملنے والی ضمانتیں کافی ہیں اور روسی انتظامیہ اناج کے معاہدے میں شرکت جاری رکھے گی۔



متعللقہ خبریں