ترکی: اناج راہداری کے کوآرڈینیشن مرکز کا افتتاح کر دیا گیا

کوآرڈینیشن مرکز ترکی، روس، یوکرین اور اقوام متحدہ کے پانچ پانچ فوجی اور سول نمائندوں پر مشتمل ہے، فیلڈ میں کوئی بھی عسکری عنصر موجود نہیں ہے: وزیر دفاع حلوصی آقار

1860288
ترکی: اناج راہداری کے کوآرڈینیشن مرکز کا افتتاح کر دیا گیا

یوکرین سے اناج  کی محفوظ ترسیل کے لئے ترکی کے شہر استنبول میں تشکیل پانے والے مشترکہ کوآرڈینیشن مرکز کو سرکاری سطح پر کھول دیا گیا ہے۔

مرکز کے افتتاحی خطاب میں وزیر دفاع حلوصی آقار نے کہا ہے کہ "ہمیں یقین ہے کہ یہ اقدامات پوری دنیا کو متاثر کرنے والے غذائی بحران پر قابو پانے میں اور خاص طور پر غذائی مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے"۔

انہوں نے کہا ہے کہ "25 ملین ٹن سے زائد اناج کی محفوظ ترسیل کے لئے راہداری کا قیام نہایت ضروری ہے۔ کوآرڈینیشن مرکز  کا فریضہ یوکرین سے برآمد کئے جانے والے اناج اور دیگر غذائی اجناس  کی، اوڈیسا، چیرنومورسک اور یوزینی  بندرگاہوں سے، بحفاظت ترسیل کو یقینی بنانا ہے"۔

وزیر دفاع حلوصی آقار نے کہا ہے کہ" کوآرڈینیشن مرکز  ترکی، روس، یوکرین اور اقوام متحدہ   کے پانچ پانچ فوجی اور سول نمائندوں پر مشتمل ہے۔ فیلڈ میں کوئی بھی عسکری عنصر موجود نہیں ہے"۔

انہوں نے کہا ہے کہ "یہ مرکز، راہداری میں شامل ہونے والے تجارتی بحری جہازوں کی رجسٹریشن اور نگرانی کرے گا۔  سگنل کمیونیکیشن وسیلوں کی مدد سے تجارتی جہازوں کی روانگی پر نگاہ رکھے گا اور تمام کاروائیوں کو فریق ممالک اور اقوام متحدہ  کے ساتھ مربوط شکل میں عمل میں لائے گا"۔

آقار نے کہا ہے کہ یوکرین کی بندرگاہوں سے لدائی اور ترکی کی بندرگاہوں  تک رسائی  کے دوران موزوں خیال کئے جانے والے مقامات پر مشترکہ کنٹرول ٹیموں کی طرف سے بحری جہازوں کی تلاشی لی جائے گی۔  بارودی سرنگوں کی صفائی کی ضرورت پڑی تو اس کام کی منصوبہ بندی فریقین کے باہمی اتفاق سے   کی جائے گی لیکن اس مرحلے میں ایسی کوئی ضرورت محسوس نہیں کی جا رہی"۔

انہوں  نے مزید کہا ہے کہ کوآرڈینیشن  مرکز غذائی بحران  ہی نہیں افریقہ سے یورپ اور ترکی کی طرف ممکنہ غیر قانونی نقل مکانی  کے  سدّباب  میں بھی اہم کردار ادا کرے گا"۔



متعللقہ خبریں