ترکی: ہم امریکی کانگریس کو عقلِ سلیم سے کام لینے کی دعوت دیتے ہیں

موجودہ حالات میں ہر ایک کو اس بارے میں پہلے سے کہیں زیادہ محتاط ہونا چاہیے کہ وہ  کس بات پر شور شرابا مچا رہا، کس بات  کی داد دے رہا اور کس طرح کی بیان بازی کر رہا ہے: نائب صدر فواد اوکتائے

1828940
ترکی: ہم امریکی کانگریس کو عقلِ سلیم سے کام لینے کی دعوت دیتے ہیں

ترکی کے نائب صدر فواد اوکتائے نے کہا ہے کہ ہم امریکی کانگریس کو عقلِ سلیم سے کام لینے کی دعوت دیتے ہیں۔

اوکتائے نے دارالحکومت انقرہ میں منعقدہ " چوتھے  پیداواریت و ٹیکنالوجی میلے" کی افتتاحی تقریب سے خطاب کیا۔

خطاب میں یونان کے وزیر اعظم کریاکوس میچوتاکیس کے دورہ امریکہ پر بات کرتے ہوئے اوکتائے نے کہا ہے کہ ہم، امریکی کانگریس میں قبرص کے دو حکومتی حل کی مخالفت کرنے پر یونان کے وزیر اعظم کو داد دیتے ہیں۔ ایسا روّیہ اختیار کرنا کہ جیسے جزیرے میں قبرصی ترکوں کا کوئی وجود  ہی نہیں عبرت ناک صورتحال ہے۔ یونان  اور قبرصی یونانی انتظامیہ کے پاس  اتنا وقت نہیں ہے کہ جسے وہ مذاکراتی حل  کے خلاف شوبازیوں میں خرچ کر سکیں۔

اوکتائے نے کہا ہے کہ ہم قبرص میں مساوی خودمختاری کی بنیادوں پر دو حکومتی حل کا دفاع کرنا جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ یونان ایک طرف تو بحیرہ ایجئین میں 12 میل کا کھیل کھیل رہا ہے  اور متواتر ہماری فضائی حدود کی خلاف ورزیاں کر رہا ہے اور دوسری طرف ان حرکتوں کے بالکل متضاد تائثر پیدا کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ امریکی کانگریس بھی یونان کی ان دوہری چالبازیوں کی دِل کھول کر داد دے رہی ہے۔ ہم امریکی کانگریس کو عقلِ سلیم سے کام لینے کی دعوت دیتے  ہیں۔

انہوں نے کہا ہے کہ 24 فروری سے جاری روس۔یوکرین جنگ کی وجہ سے علاقائی تعاون پہلے سے کہیں زیادہ اہمیت حاصل کر گیا ہے۔ اس لئے ہر ایک کو اس بارے میں پہلے سے کہیں زیادہ محتاط ہونا چاہیے کہ وہ  کس بات پر شور شرابا مچا رہا، کس بات  کی داد دے رہا   اور کس طرح کی بیان بازی کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ یونان کے وزیر اعظم میچو تاکیس نے کل امریکی کانگریس سے خطاب میں ترکی کی طرف سے یونان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کا دعوی کیا اور  کہا تھا کہ قبرص میں دو حکومتی حل ہمارے لئے قابل قبول نہیں ہو گا۔



متعللقہ خبریں