ترکی: ایردوان۔ پوتن اور چاوش اولو۔ لاوروف ملاقات، اگلا مذاکراتی اجلاس ترکی میں ہو گا

فریقین ترکی پر اعتماد کر رہے ہیں اور ہمیں اس ذمہ داری کا پورا شعور ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ اجلاس پائیدار فائر بندی پر منتج ہوں گے اور امن کا وسیلہ بنیں گے: چاوش اولو

1802798
ترکی: ایردوان۔ پوتن اور چاوش اولو۔ لاوروف ملاقات، اگلا مذاکراتی اجلاس ترکی میں ہو گا

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے روس کے صدر ولادی میر پوتن کے ساتھ ٹیلی فونک ملاقات کی۔

ترکی صدارتی دفتر محکمہ مواصلات کے جاری کردہ بیان کے مطابق مذاکرات میں 24 فروری سے جاری روس۔یوکرین جنگ کی حالیہ صورتحال اور فریقین کے درمیان مذاکراتی مرحلے پر بات چیت کی گئی۔

مذاکرات میں صدر ایردوان نے روس اور یوکرین کے درمیان فی الفور فائر بندی، قیام امن اور علاقائی انسانی صورتحال کی بحالی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا ہے کہ اس مرحلے کے لئے ترکی ہر طرح کا تعاون جاری رکھے گا۔

صدر ایردوان اور صدر پوتن نے اگلے روس۔ یوکرین مذاکراتی اجلاس کے استنبول میں انعقاد پر بھی اتفاق کیا ہے۔

ترکی کے وزیر خارجہ میولود چاوش اولو نے بھی روس۔ یوکرین مذاکراتی اجلاس کے ترکی میں انعقاد کی یاد دہانی کروائی اور کہا ہے کہ "فریقین ترکی پر اعتماد کر رہے ہیں اور ہمیں اس ذمہ داری کا احساس ہے"۔

میولود چاوش اولو نے ٹویٹر سے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ "صدر رجب طیب ایردوان کی کاوشوں کے نتیجے میں روس اور یوکرین کے مذاکراتی وفود ترکی میں ملاقات کریں گے۔ فریقین ترکی پر اعتماد کر رہے ہیں اور ہمیں اس اعتماد کی ذمہ داری کا پورا شعور ہے۔ ہمیں امید ہے کہ یہ اجلاس پائیدار فائر بندی پر منتج ہوں گے اور امن کا وسیلہ بنیں گے"۔

چاوش اولو نے بعد ازاں روس کے وزیر خارجہ سرگے لاوروف کے ساتھ ملاقات کی۔

ترکی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق "چاوش اولو ۔ لاوروف مذاکرات میں یوکرین کے معاملے میں تازہ پیش رفتوں پر غور کیا گیا"۔

واضح رہے کہ روس نے 24 فروری کو یوکرین پر حملوں کا آغاز کیا۔ حملوں کے بعد سے فریقین متعدد دفعہ مذاکراتی میز پر آ چکے ہیں۔

 



متعللقہ خبریں