صدرعارف علوی سے ترکی کی قومی اسمبلی کے سپیکر مصطفی شَن توپ سے ملاقات، باہمی امور پر بات چیت

صدر عارف علوی نے ترکی کی قومی اسمبلی کے سپیکر پروفیسر ڈاکٹر مصطفی شَن توپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے

1650124
صدرعارف علوی سے ترکی کی  قومی اسمبلی کے سپیکر مصطفی شَن توپ سے ملاقات، باہمی امور پر بات چیت

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکی کے دوطرفہ تعلقات مضبوط اسٹریٹجک شراکت میں بدل چکے ہیں جسے وقت کے ساتھ مزید فروغ ملے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ترکی کی قومی اسمبلی کے سپیکر پروفیسر ڈاکٹر مصطفی شَن توپ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ،جنہوں نے منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان ترکی کے ساتھ تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے،

دونوں ممالک علاقائی اور بین الاقوامی امور پر اتفاق رائے رکھتے ہیں اور مذہبی اور ثقافتی روابط کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک ترک دوطرفہ تعلقات مضبوط اسٹریٹجک شراکت میں بدل چکے ہیں، پاک -ترک تعلقات کو اعلی سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل نے ادارہ جاتی سطح پر قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اعلی سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل نے باہمی تعلقات کو مربوط انداز میں فروغ دیا ہے۔ انہوں نے ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان کے فروری 2020 کے دورہ پاکستان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ دوطرفہ تعلقات کو سٹریٹیجک پارٹنر شپ میں تبدیل کرنے کی مشترکہ خواہش کا عکاس تھا، دونوں ممالک کے مابین مشترکہ مفادات کیلئے سیاسی اور معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے ترکی کی جانب سے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ترکی نے ہمیشہ تمام بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کے کشمیر پر اصولی موقف کی حمایت کی۔ انہوں نے کورونا کے خلاف کوششوں میں ترکی کے تعاون کو سراہا۔ اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر مصطفی شَن توپ نے ترکی کی قیادت اور عوام کی جانب سے پاکستان کی حکومت اور عوام کے لیے نیک خواہشات کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ ترکی کشمیر کے بارے میں پاکستان کے موقف کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ترک صدر رجب طیب ایردوان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور پاکستانی پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیری عوام کی حمایت میں آواز اٹھائی، کشمیر پر ترک قیادت کی حمایت ، دونوں ممالک کے مابین قریبی برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے۔



متعللقہ خبریں