ترکی نے ایران کے ساتھ اپنی سرحدی چوکیوں کو بند کر دیا

ہم اس وقت تک اس متعدی بیماری کو ترکی سے دُور رکھنے میں کامیاب رہے ہیں لیکن ایران میں بیماری کی موجودگی ترکی کے لئےالارم کی حیثیت رکھتی ہے: وزیر صحت فخر الدین کھوجا

1364724
ترکی نے ایران کے ساتھ اپنی سرحدی چوکیوں کو بند کر دیا

ایران میں کورونا وائرس کی وجہ سے ہلاکتوں کے بعد ترکی نے ایران کے ساتھ اپنی سرحدی  چوکیوں کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔

وزیر صحت فخر الدین کھوجا نے پریس کانفرنس میں جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ 32 ممالک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 80 ہزار تک جا پہنچی ہے۔ ہم اس وقت تک اس متعدی بیماری کو ترکی سے دُور رکھنے میں کامیاب رہے ہیں لیکن ایران میں بیماری کی موجودگی ترکی کے لئےالارم کی حیثیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ اس وقت تک ایران میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 43 اور مرض کی وجہ سے ہلاکتوں کی تعداد 8 ہے۔

وزیر صحت نے کہا ہے کہ ہم نے حفظ ماتقدم کے طور پر ایران کے ساتھ اپنی تین سرحدی چوکیوں اور ایعدیر اور ناہچیوان  کی طرف کھلنے والی دیلوجو سرحدی چوکی کو عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ زمینی اور ریلوے راستوں کے ذریعے ایران سے ترکی  میں داخلے کو آج شام 5 بجے سے عارضی طور پر روک دیا گیا ہےاور تمام بین الاقوامی پروازوں کو  بھی یک طرفہ شکل میں اور عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔

فخر الدین کھوجا نے کہا ہے کہ مختصر یہ کہ ایران سے ترکی  میں داخلے کو روک دیا گیا ہے تاہم ترکی سے ایران  میں داخلہ جاری ہے۔ کل اور پرسوں 8 ایرانی باشندوں کو وائرس کی علامات کی وجہ سے ترکی میں داخلے کی اجازت نہیں دی گئی۔ ضلع وان میں نزلے زکام کی وجہ سے ہسپتال داخل کئے جانے والوں میں بیماری کی علامات نہیں ملیں  اور ان کے ٹیسٹ نیگٹیو  رہے ہیں۔



متعللقہ خبریں