ترکی میں مقیم پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، ترکی کی جانب سے دوہری شہریت کی پیشکش

ترک سفیر نے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ ترکی اور پاکستان میں بہت زیادہ مماثلت ہے۔ سفیر نے ترکی حکومت کی جانب سے دو ملکی شہریت کے لئے دونوں ملکوں کے بیچ معاہدے کی پیشکش کی۔ اس معاہدے کے تحت شہری دونوں ملکوں کی قومیت رکھ سکیں گے

1350620
ترکی میں مقیم پاکستانیوں کے لیے خوشخبری، ترکی کی جانب سے دوہری شہریت کی پیشکش

ترکی کے سفیراحسان مصطفیٰ نے وزیرداخلہ اعجازاحمد شاہ سے جمعرات کو ملاقات کی ہے  جس میں باہمی امور کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 اس موقع پر ترک سفیر نے دونوں ملکوں کے برادرانہ تعلقات کو سراہا اور کہا کہ ترکی اور پاکستان میں بہت زیادہ مماثلت ہے۔ سفیر نے ترکی حکومت کی جانب سے دو ملکی شہریت کے لئے دونوں ملکوں کے بیچ معاہدے کی پیشکش کی۔ اس معاہدے کے تحت شہری دونوں ملکوں کی قومیت رکھ سکیں گے اور مشترکہ سطح کے اقدامات سے مستفید ہو سکیں گے۔

 اس موقع پر وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا کہ اس معاہدے کا تجویز کردہ مسودہ زیر غور ہے۔ وزیر داخلہ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ باہمی مشاورت کے بعد جس حد تک ممکن ہوا تعاون کریں گے۔ اس کے جواب میں ترکی کے سفیر نے کہا کہ چاہتے ہیں کہ جلد از جلد اس معاہدے کو عملی جامہ پہنا سکیں۔ سفیر نے بتایا کہ جلد ہی ترکی کے صدر پاکستان کا دورہ کریں گے۔

 وزیر داخلہ کی جانب سے ترک صدر کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت کے ساتھ ساتھ عوام بھی ترک صدر کا پرجوش استقبال کریں گے۔ ترکی کے وزیر داخلہ بھی فروری میں دورہ پاکستان کریں گے اور اعجازاحمدشاہ سے ملاقات کریں گے۔

قانون نافذکرنے والے اداروں کو سہولیات فراہم کرنے اور مشترکہ ٹریننگز کے انقعاد کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ اسی پروگرام کے تحت اسلام آباد پولیس ترکی کے تعاون سے عنقریب اسلام آباد میں ڈولفن پولیس کے ماڈل پر نئی سکواڈ متعارف کروائے گی۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ ان معاملات میں وزارت داخلہ کی جانب سے تمام معاملات میں ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ ترک سفیر نے بتایا کہ کراچی میں بننے والا ترکی کا سفارت خانہ دنیا میں موجود تمام سفارت خانوں سے بڑا ہے اور عنقریب اس عمارت کو فنکشنل کر دیا جائے گا۔ وزیر داخلہ اعجاز شاہ نے کہا کہ ترکی کےساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔ انہوں نے ترکی میں آنے والے زلزلے پر افسوس کا اظہار کیا اور معاملات میں بہتری کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

یاد رہے ترک صدر کا 13 اور 14 فروری کو دورہ پاکستان کا قوی امکان ہے ، وہ کاروباری شخصیات سمیت اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ اسلام آبادپہنچیں گے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ ترک صدر پاکستانی سیاسی وعسکری قیادت سےاہم ملاقاتیں کریں گے جبکہ صدر،وزیراعظم، ترک صدر اور مہمانوں کے اعزازمیں ضیافتوں کا اہتمام کریں گے۔

ذرائع کے مطابق پاک، ترک اعلیٰ سطح تذویراتی تعاون کونسل کا اجلاس منعقد ہو گا، وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر رجب طیب اردوان اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے، متعدد معاہدے، تعاون کی یادداشتوں پر دستخط اور کئی منصوبے شروع ہوں گے۔

ترک صدر کے دورے کے دوران تذویراتی اقتصادی فریم ورک، باہمی تعاون کے تحت معاہدات کا امکان ہے جبکہ سرمایہ کاری، تجارت، دفاعی پیداوار، بینکنگ، مالیات میں تعاون بڑھایا جائے گا۔



متعللقہ خبریں