ترکی اپنے سمندری طاس میں ہائیڈروکاربن کی تلاش آہنی عزم کے ساتھ جاری رکھے گا: فواد اوکتائے

ہمیں وطن عزیز کی زمین کے ہر ذرّے کی طرح اپنے وطن کے سمندروں کا ہر قطرہ بھی عزیز ہے ہم اس سے ہرگز لاپرواہ نہیں رہ سکتے، بحر روم میں امن اس کے وسائل کی منصفانہ تقسیم پر منحصر ہے: نائب صدر فواد اوکتائے

1239609
ترکی اپنے سمندری طاس میں ہائیڈروکاربن کی تلاش آہنی عزم کے ساتھ جاری رکھے گا: فواد اوکتائے

ترکی کے نائب صدر فواد اوکتائے نے کہا ہے کہ ترکی اپنے سمندری طاس میں ہائیڈروکاربن کی تلاش پورے عزم کے ساتھ جاری  رکھے گا۔

فواد اوکتائے نے شمالی قبرصی ترک جمہوریہ میں ٹگ بوٹ کو سمندر میں اتارنے کی تقریب میں شرکت کی اور تقریب سے خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کی پرچم بردار یہ  ٹگ بوٹ  نیویگیشنل  سکیورٹی میں اضافے  اور سمندروں کو ہر طرح کے منفی اثرات  سے بچانے کی صلاحیت رکھتی ہے  اور  ہمیں امید ہے کہ بحر روم میں یہ بوٹ خیر و سلامتی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دے گی۔

اوکتائے نے کہا ہے کہ جس طرح ہمیں وطن عزیز  کی زمین کا ہر ذرّہ عزیز ہے اسی طرح اپنے وطن کے سمندروں کا ہر قطرہ بھی عزیز ہے ہم اس سے ہرگز لاپرواہ نہیں رہ سکتے۔ یہ ٹگ بوٹ آج سے بحر اسود میں کسی احتمالی حادثے کے دوران فوری مداخلت کرے گی اور بحری آلودگی کے سد باب میں کردار ادا کرے گی۔

نائب صدر فواد اوکتاے نے کہا کہ ترکی، مشرقی بحرروم میں بحری سکیورٹی کو یقینی بنانے اور بین الاقوامی قوانین کی رُو سے حاصل شدہ حقوق  اور مفادات کے تحفظ کے کام کو پورے عزم سے جاری رکھے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے علاقے میں پیش آنے والے حالیہ واقعات نے اور سمندر میں ہمارے اختیار کے علاقے میں حالیہ دنوں میں تیزی سے بدلتے سکیورٹی توازن نے ہمارے لئے ضروری بنا دیا ہے کہ ہم اپنی بحریہ کی مزاحمتی قوت کو مزید مضبوط کریں۔ ہم بحر روم میں موجود ہمارے تحقیقاتی بحری جہازوں اور ڈرلنگ پلیٹ فورم کے لئے ہر طرح کے تحفظ، تعاون اور رفاقت کی کاروائیوں کو آہنی ارادے کے ساتھ جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اوکتائے نے کہا ہے کہ بحیرہ ایجئین میں اور مشرقی بحر روم میں ترک میرین ترکی اور شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے حقوق کے ضامن اور بین الاقوامی ضمانت اور اتحاد کے سمجھوتوں کے دائرہ کار میں امن و تحفظ کی گارنٹی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ترکی کی حیثیت سے ہم ہمیشہ سے اس موقف کا دفاع کرتے چلے آئے ہیں  اور دفاع کرتے رہیں گے کہ مشرقی بحر روم کا امن کا سمندر بننا اس کے قدرتی وسائل کے منصفانہ شکل میں نکالے جانے اور تقسیم کئے جانے سے وابستہ ہے۔

فواد اوکتائے نے کہا ہے کہ وہ جو ہمیں خلیج انطالیہ تک محدود کرنا چاہتے ہیں جان لیں کہ ہم اپنے سمندری طاس  میں ہائیڈروکاربن کی تلاش  اور اسے نکالنے کے کام کو فولادی عزم کے ساتھ جاری رکھیں گے۔ ہمارا ملک پہلے کی طرف اب بھی اپنے حقوق کا بھی اور شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے حقوق کا بھی تحفظ کرتا رہے  گا۔



متعللقہ خبریں