ترکی اور روس کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے: ایردوان

فضائی دفاعی سسٹم ایس۔400 کی مشترکہ پیداوار کے معاملے میں ترکی اور روس کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے: رجب طیب ایردوان

1233450
ترکی اور روس کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے: ایردوان

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ فضائی دفاعی سسٹم ایس۔400 کی مشترکہ پیداوار کے معاملے میں ترکی اور روس کے درمیان کوئی مسئلہ نہیں ہے۔

صدر ایردوان نے بوسنیا ہرزیگوینیا سے واپسی  کے دوران ایجنڈے کے موضوعات سے متعلق  اخباری نمائندوں کے سوالات کے جواب دئیے۔

ایس۔400 ائیر ڈیفنس سسٹم  کی ٹیکنالوجی ٹرانسفر کے معاملے میں ترکی اور روس کے درمیان مسائل کے دعووں سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ " سسٹم کی مشترکہ پیداوار کے موضوع پر ابتدا ہی سے ہم روس کے صدر ولادی میر پوتن کے ساتھ متفق ہیں"۔

انہوں نے کہا ہے کہ" اصل میں ترکی سےایس۔400 کی خرید  کا ارادہ بدلوانے کے خواہش مند حلقے ایسے دعوے  پھیلا رہے ہیں"۔

سسٹم کی ضرورت پر ایک دفعہ پھر بات کرتے ہوئے صدر ایردوان نے کہا ہے کہ "ایس۔400 ایک فضائی دفاعی سسٹم ہے۔ اس کی خرید کا مقصد بھی یہی ہے کہ اگر کوئی ہم پر فضائی حملہ کرے تو جواباً ہم بھی اس سسٹم کو فعال کر سکیں "۔

مشرقی بحر روم  کے حالات اور ترکی کے بحری جہازوں کی طرف سے کی جانے والی ڈرلنگ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ "علاقے میں شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے حقوق کو پس پشت نہیں ڈالا جائے گا"۔

صدر ایردوان نے کہا  ہے کہ" ہم بحر روم میں کسی کی حدود  میں گھس کر کام کرنے کی کوشش میں نہیں ہیں۔ ہماری کاروائیوں کا مقصد علاقے میں شمالی قبرصی ترک جمہوریہ کے جائز حقوق کا تحفظ ہے۔ وہاں کے جتنے بھی برّی و بحری علاقے ہیں ان پر قبرص کے تمام شہریوں کا مشترکہ حق ہے اور ہم قبرصی ترکوں کے حقوق کا دفاع کر رہے ہیں۔

مہاجرین کے موضوع پر نئے مذاکرات کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں سوال کے جواب میں صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ اس موضوع پر حتمی جواب  دینےسے قبل یورپی یونین کی نئی انتظامیہ کے طرزعمل کو دیکھنا ضروری ہے"۔



متعللقہ خبریں