ترکی میں یومِ شہداء و فتح چناق قلعے کی 104 ویں سالانہ یاد منائی جا رہی ہے

تقریب میں "TCG برگازادا" بحری جہاز سے 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی، شہداء کے لئے احتراماً خاموشی اختیار کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا

1165523
ترکی میں یومِ شہداء و فتح چناق قلعے کی 104 ویں سالانہ یاد منائی جا رہی ہے

ترکی میں یومِ شہداء اور چناق قلعے بحری فتح  کی 104 ویں سالانہ یاد تقریبات کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔

موقع کی مناسبت سے چناق قلعے میں یادگاری تقریب کا اہتمام کیا گیا۔

جمہوریت اسکوائر میں منعقدہ تقریب میں صدارتی کابینہ کی طرف سے وزیر دفاع حلوصی آقار ، ترک مسلح افواج کی طرف سے آبنائے چناق قلعے و چھاونی کمانڈر کموڈور لیونت کریم اُچا، چناق قلعے کے گورنر اورحان تاولی اور چناق قلعے بلدیہ مئیر اُلگُر گیوک حان نے شرکت کی اور یاد گارِ اتاترک پر پھول چڑھائے۔

تقریب میں "TCG برگازادا" بحری جہاز سے 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی، شہداء کے لئے احتراماً خاموشی اختیار کی گئی اور قومی ترانہ پڑھا گیا۔

بعد ازاں وزیر دفاع حلوصی آقار اور ان کے وفد نے سرخ ہلالی پرچم پر  "چناق قلعے ناقابل تسخیر " کی تحریر والا طلائی تمغہ لگا کر پرچم کشائی کی۔

واضح رہے کہ "چناق قلعے ناقابل تسخیر " کی تحریر والا طلائی تمغہ ترکی کی قومی اسمبلی کی طرف سے 1994 میں 2 لاکھ 53 ہزار شہداء کی یاد میں اور 3972 نمبر کے قانون کے ساتھ چناق قلعے کو عطا کیا گیا تھا۔

بعد ازاں وزیر دفاع حلوصی آقار نے تقریب میں شریک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے مہمانوں  اور شہریوں کے ساتھ کچھ دیر کے لئے بات چیت کی۔

صدر رجب طیب ایردوان،  18 مارچ یومِ شہداء اور فتح چناق قلعے کی 104 ویں سالانہ یاد کی مناسبت سے 18 مارچ اسٹیڈئیم میں متوقع تقریب میں شرکت کریں گے۔



متعللقہ خبریں