مولانارومی کی تعلیمات پرعمل درآمد سےعالمِ اسلام تمام مشکلات سے چھٹکارا حاصل کرسکتا ہے: صدر ایردوان

صدر نےعالم اسلام کےمسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں کئی ملین بچےمسلمان بھائیوں کےہاتھوں بھوک و پیاس کا شکار بنا دیے گئےہیں جبکہ فلسطین کےعوام اسیربنا دیےگئےہیں، لیبیا میں انتشار جاری ہے،صومالیہ میں بھوک اور قحط سالی جبکہ افغانستان دہشت گردی موجود ہے

1108979
مولانارومی کی تعلیمات پرعمل درآمد سےعالمِ اسلام تمام مشکلات سے چھٹکارا حاصل کرسکتا ہے: صدر ایردوان

صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ عالم اسلام بھوک و پیاس،  قحط سالی،  انتشار اور دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور اس سے نکلنے کا راستہ مولانا جلال الدین رومی کی تعلیمات اپنا نے ہی سے ہو کر گزرتا ہے۔

 صدر  ایردوان نے خیالات کا اظہار قونیہ میٹروپولیٹن اسپورٹس اور کنونشن سینٹر میں مولانا جلال الدین رومی  کے745 ویں  عرس  کی تقریبات سے خطاب کے دوران کیا۔

 صدر نے عالم اسلام کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یمن میں کئی ملین بچے مسلمان بھائیوں کے ہاتھوں بھوک و پیاس کا شکار بنا دیے گئے ہیں جبکہ فلسطین کے عوام اسیر بنا دیے گئے ہیں، لیبیا میں انتشار جاری ہے،  صومالیہ میں بھوک اور قحط سالی جبکہ افغانستان دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے اور اس طرح عالم اسلام کے یہ ممالک عدم استحکام کا شکار ہیں۔

انہوں نے شام کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ہمسایہ ملک شام میں گزشتہ 8 سالوں سے جاری ظلم و ستم سے ایک ملین شامی ہلاک ہو چکے ہیں اور اس وقت تک شام میں برسراقتدار  بشر الاسد اپنی کرسی بچانے کی تگ و دو کر رہا ہے اور  چند ایک ممالک اس کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔

 انہوں نے عالم اسلام سے کھیلے جانے والے کھیل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ فرقہ بازی اور تفرقہ بازی  کو ہوا دیتے ہوئے ہمیں آپس میں لڑانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ یہ ممالک عالم اسلام پر اپنی گرفت مضبوط رکھ سکیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک جو اپنے مفادات کی خاطر آپس میں خلفشار کا شکار رہیں ان کے خلفشار کو ہوا دیتے ہوئے یہ ممالک اپنی جیبیں  بھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپس میں لڑانے کی یہ پالیسی موجودہ دور ہی کیلیے نہیں بلکہ مستقبل کیلئے بھی  خطرناک ہے۔

صدر  ایردوان ان مسائل کے حل کی طرف توجہ مبذول کرواتے ہوئے کہا کہ ان تمام مسائل کو حضرت مولانا جلال الدین رومی کی تعلیمات سے حل کیا جاسکتا ہے۔   ان کی درس گاہ انسانیت،  اخلاق اور عشق الہی کا درس دیتی ہے جس کی ہمیں اشد ضرورت ہے۔  انہوں نے کہا کہ ان تمام مسائل کا حل آپس میں اتحاد، یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ دینے ہی سے ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ہم نے ایسا کرنے میں کامیابی حاصل کی تو عالم اسلام تمام مشکلات سے چھٹکارہ حاصل کر لے گا   اور جس کفن کو ہمیں پہنایا جا رہا ہے اس سے باہر نکلنے کا موقع میسر آئے گا۔  انہوں نے کہا کہ جب ہم مولانا رومی کی تعلیمات پر نگاہ ڈالتے ہیں تو ہمیں ہتھیار نہ ڈالنے،  انسانیت کی عظمت اور آپس کے لڑائی جھگڑے کی بجائے یکجہتی اور تعاون کا درس حاصل ہوتا ہے جس پر عمل درآمد کرتے ہوئے ہم ان مشکلات سے باہر نکل سکتے ہیں۔



متعللقہ خبریں