پورے ملک میں 3 ماہ کے لئے ہنگامی حالات کا اعلان

مجھے اپنی ملت پر فخر ہے۔ حکومت پر قبضے کی اس کوشش کو ملت نے بذات خود مزاحمت اور عزم کے ساتھ ناکامی سے دوچار کیا ہے۔ اس دوران 246 معصوم انسان ہلاک اور 1536 معصوم شہری زخمی ہو گئے۔ مجھے اپنی دلیر سکیورٹی فورسز پر بھی فخر ہے۔ صدر ایردوان

533976
پورے ملک میں 3 ماہ کے لئے ہنگامی حالات کا اعلان

ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان نے کہا ہے کہ حکومت نے نیشنل سکیورٹی کونسل کے مشورے پر پورے ملک میں 3 ماہ کے لئے ہنگامی حالات کا اعلان  کیا ہے۔

صدر ایردوان نے نیشنل سکیورٹی کونسل  اور کابینہ کے اجلاس کے بعد، اجلاس میں، کئے گئے فیصلوں کا اعلان کیا۔

انہوں نے کہا کہ خود ان کے ، حکومت کے اور قوم کے ڈٹ کر مخالفت  کرنے کے نتیجے میں فتح اللہ دہشت گرد تنظیم FETO کا 15 جولائی کا  حکومت پر قبضے کا  اقدام ناکام رہا ہے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ "مجھے اپنی ملت پر فخر ہے۔ حکومت پر قبضے کی اس کوشش کو ملت نے بذات خود مزاحمت اور عزم کے ساتھ ناکامی سے دوچار کیا ہے۔ اس دوران 246 معصوم انسان ہلاک اور 1536 معصوم شہری زخمی ہو گئے۔ مجھے اپنی دلیر سکیورٹی فورسز پر بھی فخر ہے"۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی طرف سے اعلان کردہ ان ہنگامی حالات کا مقصد جمہوریت میں تعطل ڈالنا نہیں بلکہ اس کے بالکل برعکس جمہوریت کو مضبوط  بنانا اور دہشت گردی کے خلاف ضروری تدابیر اختیار کرنا ہے۔

صدر ایردوان نے کہا کہ وہ لوگ جو ترکی سے مشابہہ صورتحال کا شکار ہوئے بغیر ہنگامی حالات کا اعلان کرنے والے ممالک کے خلاف کوئی آواز نہیں اٹھاتے وہ حکومت کے اس فیصلے پر ہرگز تنقید نہیں کر سکیں گے۔

انہوں نے پورے ملک میں اقتصادی استحکام جاری رہنے کا ذکر کیا اور ترکی کی کریڈٹ پوزیشن اور  درجے  کو گرانے پر کریڈٹ ریٹنگ کمپنی S&P پر سخت تنقید کی ۔

صدر رجب طیب ایردوان نے کریڈٹ ریٹنگ کمپنی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ اپنے کام سے کام رکھیں ۔ آپ کا ہم سے کیا سروکار۔ یہ کمپنیاں ایسے حالات کی منتظر رہتی ہیں۔ یہی نہیں بلکہ ان کی طرف سے کوئی بعید نہیں کہ منڈیوں میں وائرس بھی   چھوڑ دیں۔ لیکن ترکی اپنی اصلاحات کو بلا تعطل جاری رکھے گا۔

انہوں  نے شہریوں سے مطالبہ کرتے ہوئےکہا کہ آپ کو اس بارے میں مطمئن رہنا چاہیے کہ جمہوریت کے معاملے میں کوئی ڈھیل نہیں دی جائے گی، کوئی لاپرواہی نہیں برتی جائے گی۔ اور آپ کو یہ بات بھی جان لینا چاہیے  کہ ترک مسلح افواج بھی حکومت کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے۔

صدر رجب طیب ایردوان نے اپنے بیان کو ختم کرتے ہوئے کہا کہ "آپ ہرگز تشویش اور شبہات کا شکار نہ ہوں، ترکی اس بحران سے بخیر و عافیت  نکل آیا ہے"۔



متعللقہ خبریں