چشمہ شفاء۔58

آج ہم آپ کے ساتھ جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے کھوپرے یا گری کا تیل اور اس کے فوائد

2051406
چشمہ شفاء۔58

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام چشمہ شفاء کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔ آج ہم آپ کے ساتھ جس موضوع پر بات کریں گے وہ ہے کھوپرے یا گری کا تیل اور اس کے فوائد۔

کھوپرے کا تیل جیسا کہ اس کے نام سے ہی ظاہر ہے کھوپرے  سے حاصل کیا جاتا ہے اور یہ تیل جلد اور بالوں سمیت صحت سے متعلقہ متعدد مقاصد کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔

 

آئیے سب سے پہلے یہ دیکھتے ہیں کہ کھوپرے کے تیل کے فوائد کیا کیا ہیں؟

  • خالص اور کسی قسم کے عمل سے گزارے بغیر حاصل کردہ کھوپرے کا تیل قلبی شریانوں کی بیماریوں کا سبب بننے والے ذہنی دباو کو کم کرتا ہے۔
  • اس میں شامل ایسڈ سیر پن  کی حِس  بیدار کر کے وزن کم کرنے میں مدد دیتے ہیں۔
  • اپنے اندر شامل موئثر مادّوں کی وجہ سے کھوپرے کا تیل جراثیم تلف کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
  • اس میں شامل بعض مادّوں کے عصبی خلیات پر مثبت اثرات کی وجہ سے کھوپرے کے تیل کا استعمال عصبی خلیات کی شکست و ریخت کا سبب بننے والی علامات میں کمی کرتا ہے۔ یہی نہیں اسے الزائمر کی روک تھام کا اہل بھی خیال کیا جاتا ہے۔
  • کھوپرے کے تیل میں شامل بعض مادّے مِرگی کے دوروں کی شدت میں کمی کرنے کی بھی صلاحیت رکھتے ہیں۔

 

1۔کھوپرے کا تیل اور صحت مند جلد

کھوپرے کا تیل جلد کو صحت مند رکھتا اور اس کی خشکی کو دُور کرتا ہے۔ تیل کا خارجی استعمال جلد کی نشوونما کرتا ، اسے نم رکھتا اور پھٹی ہوئی جلد کی تعمیر کرتا ہے۔

بہت سے لوگ جلدی صحت اور خوبصورتی کے لئے کھوپرے کے تیل کو بطور کاسمیٹکس استعمال کرتے ہیں۔

تحقیقات نے ثابت کیا ہے کہ کھوپرے کا تیل جلد میں نمی کی سطح کو بلند کرتا  اور جلد سے پانی کی شدید کمی کا سدّباب کرتا ہے۔ یہ تیل جلد کی حفاظتی دیوار کو مضبوط کر کے متعدی اور کیمیائی  اثرات جیسے خارجی عناصر سے بچاتا ہے۔ رات کے وقت ہاتھوں پر 6 سے 8 قطرے خالص کھوپرے کے تیل  کو مل کر  دھوئے بغیر سونے سے ہاتھوں کی جلد سے دن بھر صابن اور دیگر جراثیم کُش لوشنوں کی پیدا کردہ خشکی کو دُور کرنے میں مدد ملتی ہے۔

یہ طریقہ نہ صرف جلدی دیوار کی تعمیر و مرمت کرتا ہے بلکہ معمولی اور  درمیانے درجے کی پیچیدہ جلدی بیماری ایٹاپک ڈرماٹائٹس کی  شدت کو بھی کم کرتا ہے۔

 

2۔کھوپرے کا تیل اور بالوں کی صحت

کھوپرے کا تیل اپنے اندر شامل موئثر مادّوں  کی بدولت بالوں کو نم رکھتا ہے۔ تیزی سے بالوں کی جڑوں میں جذب ہو کر دو شاخے، خشک اور روکھے بالوں کو زندگی عطا کرتا ہے۔

 

3۔کھوپرے کا تیل اور منہ کی صحت

کھوپرے کے تیل کو منہ میں ڈال کر غرارے کی شکل میں  استعمال کرنے سے منہ میں موجود جراثیم بڑے پیمانے پر تلف ہو جاتے ہیں۔

اس تیل میں شامل ایسڈ لعاب دہن کے ساتھ تعامل کر کے دانتوں کو کیڑا لگنے سے بچاتے،  دانتوں پر پلاک  جمنے کی روک تھام کرتے اور مسوڑھوں  میں التہاب بھرنے کا سدّباب کرتے ہیں۔

 

4۔بہترین اینٹی آکسیڈنٹ

کھوپرے کا تیل جسم میں موجود فری ریڈیکلوں  کو ناکارہ بنانے کا اہل ایک بہترین اینٹی آکسیڈنٹ ہے۔ اس خوبی کی وجہ سے یہ تیل متعدد بیماریوں کی روک تھام میں مدد دیتا اور خاص طور پر شوگر کے مرض  کی پیدا کردہ پیچیدگیوں کو کم کرتا ہے۔

 

5۔کھوپرے کے تیل کے استعمال کا طریقہ

خارجی استعمال میں اس تیل کو براہ راست جلد یا بالوں میں لگایا جا سکتا ہے۔  پینے کے لئے ایک میٹھے کا چمچ کھوپرے کا تیل کافی میں مِلا کر پیا جا سکتا ہے۔ یا پھر کھانوں میں ملا کر استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

6۔کھوپرے کے تیل کے استعمال میں احتیاطیں

کھوپرے کا تیل اپنے اندر بلند درجے پر انرجی رکھنے کی وجہ سے اس کا ضرورت سے زیادہ استعمال وزن بڑھا سکتا ہے۔ ہائی کولیسٹرول والے افراد میں قلبی شریانوں کی بیماریوں کا خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔

کھوپرے کا خارجی استعمال جہاں جلد کی نشوونما کرتا ہے وہیں بالوں کی جڑوں کو بھی مضبوط بناتا ہے لہٰذا اس کے  متواتر استعمال سے چہرے پر روئیں کی مقدار میں اضافہ ہو سکتا ہے۔



متعللقہ خبریں