کیا آپ جانتے ہیں۔33

کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کے گہرے ترین آبی درّوں میں سے ایک ترکیہ میں پایا جاتا ہے؟

1975788
کیا آپ جانتے ہیں۔33

کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا کے گہرے ترین آبی درّوں میں سے ایک ترکیہ میں پایا جاتا ہے؟

 

'والا'آبی درّے کو دنیا کا دوسرا  گہرا ترین آبی درّہ قبول کیا جاتا ہے۔ یہ درّہ ترکیہ کے مغربی بحیرہ اسود علاقے کی تحصیل قاستامونو میں پایا جاتا ہے۔ اپنے وسیع پہاڑی اور جنگلاتی علاقوں کے ساتھ قاستامونو  ایسی نادر جگہوں میں سے ایک ہے کہ جہاں آپ کثیر تعداد میں آبی درّوں، غاروں ، نہروں اور آبشاروں جیسے حسین قدرتی مناظر دیکھ سکتے ہیں۔

 

800 سے 1200 میٹر تک کی بلندی والی عمودی چٹانوں  کے حامل 'والا آبی درّے 'سے گزرنا دشوار اور پُر خطر  ہے۔ اسے ایسے آبی درّوں میں شمار کیا جاتا ہے کہ جہاں سے گزرنا سب سے زیادہ دقّت طلب ہے۔ والا آبی درّے کو صرف پیشہ ور گروپ موزوں ساز و سامان کی مدد سے ہی عبور کر سکتے ہیں۔ تاہم درّے کے داخلی  و خارجی حصّوں میں مقامی گائیڈوں کے ہمراہ مختصر حصے کو طے کیا جا سکتا ہے۔ آبی درّے کو دیکھنے کے لئے تعمیر کئے گئے ٹیرس سے اس غیر معمولی قدرتی حسن  کا جی بھر کر نظارہ کیا جا سکتا ہے۔

 

والا آبی درّے کی چٹانیں عقابوں، شاہینوں اور گِدھوں جیسے  وحشی پرندوں کا مسکن ہیں اور درّے  میں 40 سے زائد آبشاریں پائی جاتی ہیں۔ ان آبشاروں میں سے 14 میٹر بلندی سے گرنے والی  'الیجا آبشار'  اپنے اطراف میں پھیلے ہوئی نباتاتی غلاف کی وجہ سے قابل دید مقام ہے۔

 

والا آبی درّے کا 'الگارینی غار' دنیا کا چوتھا بڑا غار ہے۔ 858 میٹر طویل اور 250 میٹر گہرا یہ غار اندازاً 22 کروڑ سالوں میں بنا ہے۔ غار کے چھت سے لٹکتے چٹانی کیل اپنے حسن و جمال کے ساتھ دیکھنے والے کو محوِ حیرت کر دیتے ہیں۔ غار میں گرجے، مزار اور زمین دوز تالاب بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔ الگارینی غار کی طرف جانے والے جنگلاتی راستے میں 'مانتار ' اور 'ایژدر ' نامی دو غار بھی قابلِ دید مقامات ہیں۔



متعللقہ خبریں