کیا آپ جانتے ہیں۔14

کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ چائے استعمال کرنے والا ملک ترکیہ ہے؟

1914591
کیا آپ جانتے ہیں۔14

کیا آپ کو معلوم ہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ چائے استعمال کرنے والا ملک ترکیہ ہے؟

 

ترکیہ چائے کا وطن نہ بھی ہو تو بھی اس میں کوئی شبہ نہیں ہے کہ چائے سب سے زیادہ ترکیہ میں پی جاتی ہے۔ چین میں عالمی چائے کمیٹی کی تیار کردہ رپورٹ کے مطابق سال بھر کے فی کس استعمال کے اعتبار سے دنیا میں سب سے زیادہ چائے استعمال کرنے والے ممالک کی فہرست میں ترکیہ پہلے نمبر پر ہے۔ تاہم، دنیا میں چائے کی پیداوار میں ترکیہ پانچویں نمبر پر ہے۔

 

اگرچہ ترک وسطی ایشیاء میں ہی چائے سے متعارف ہو چکے تھے لیکن چائے کو اناطولیہ پہنچنے میں ایک طویل عرصہ لگا۔ 19 ویں صدی کے دوسرے نصف کے بعد اناطولیہ میں چائے کا استعمال عام ہو چُکا تھا  لیکن اس کے باوجود عثمانی سلطنت میں قہوے کو چائے پر ترجیح حاصل رہی۔  جنگوں اور مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قہوے تک رسائی مشکل ہونے لگی تو چائے کا رجحان زور پکڑ گیا۔ اعلان جمہوریت کے بعد مصطفیٰ کمال اتا ترک نے، پیداواری مصارف  کے اعتبار سے زیادہ سستی اور دستیابی کے اعتبار سے زیادہ پُر سہولت گرم مشروب یعنی ،'چائے 'کی ترکیہ میں پیداوار کی حوصلہ افزائی کی۔1924 میں حکومت نے ضلع ریزے میں چائے کی پیداوار کا قانون جاری کیا ۔ اس طرح نہ صرف علاقے کو ترقی حاصل ہوئی بلکہ ترکیہ کا شمار بھی چائے کے اہم پیداواری ممالک میں ہونے لگا۔

 

موجودہ دور میں ترکوں کے لئے چائے محض ایک گرم مشروب ہی نہیں بلکہ روزمرّہ زندگی میں سماجی رابطوں اور خوشگوار صحبتوں کا بھی ایک بنیادی وسیلہ     ہے۔ چائے پیش کرنا اور مل بیٹھ کر چائے پینا دوستی، مہمان داری اور نزاکت کا اظہار سمجھا جاتا ہے۔ ترکیہ کی روزمرّہ سماجی زندگی میں پانی کے بعد چائے سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہے۔ اسے کنبے کے افراد  اور دوستوں کے مابین خوش گپّیوں کے وقت، مہمانوں کی آمد پر اور ہر خوشی غمی کی تقریبات پر استعمال کیا جاتا ہے۔



متعللقہ خبریں