چشمہ شفاء۔ 35

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس مسئلے اور اس کے گھریلو علاج کے بارے میں بات کریں گے وہ ہے  " آنکھوں کی الرجی"

1817499
چشمہ شفاء۔ 35

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام  "چشمہ شفاء" کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

 

آج ہم آپ کے ساتھ صحت کے جس مسئلے اور اس کے گھریلو علاج کے بارے میں بات کریں گے وہ ہے  " آنکھوں کی الرجی"۔

آنکھوں کی الرجی آنکھوں سے پانی بہنے اور آنکھوں میں خارش  جیسی علامات سے ظاہر ہوتی ہے۔  الرجی عام طور پر دونوں آنکھوں کو بیک وقت متاثر کرتی ہے۔

 

اس کی علامات کچھ اس طرح ہیں:

  • آنکھوں میں خارش اور سرخی
  • آنکھوں میں جلن
  • پپوٹوں میں سوجن
  • آنکھوں سے پانی بہنا۔

 

آنکھوں کی الرجی سے محفوظ رہنے کے لئے حفاظتی تدابیر  کچھ اس طرح ہیں:

  • صبح 10 بجے سے شام 5 بجے کے دوران اشد ضرورت نہ ہونے کی صورت میں دھوپ میں نکلنے سے پرہیز کیا جائے ۔ ان گھنٹوں میں ہوا میں پولن  کی مقدار  زیادہ ہونے اور سورج کی شعاعوں کے زیادہ سیدھا ہونے کی وجہ سے الرجی شدت اختیار کر سکتی ہے۔
  • باہر نکلتے ہوئے دھوپ کی عینک، ہیٹ  یا چھتری کا استعمال کیا جائے۔
  • گھر میں پولین فلٹر والا ائیر کنڈیشن استعمال کیا جائے۔
  • پولن  کے موسم میں گھرکی کھڑکیوں  اور گاڑی کے شیشوں کو بند رکھا جائے۔
  • کیمیائی مادوں، پینٹ اور پرفیوم سے دور رہا جائے۔
  • بالوں والے پالتو جانوروں سے فاصلے پر رہا جائے۔
  • سگریٹ کے دھوئیں اور بند ماحول سے دور رہیں۔
  • گھر میں قالین اور دریوں جیسی اپنے اندر مٹی جمع کرنے والی اشیاء استعمال نہ کریں۔

 

آنکھوں کے معاملے میں احتیاطیں۔

  • آنکھیں ملنے یا خارش کرنے سے پرہیز کریں۔
  • ٹھنڈے پانی کی ٹکور کریں  یہ آنکھوں میں خارش یا جلن میں افاقہ دے گی۔
  • ٹئیر ڈراپ کو ٹھنڈا کر کے آنکھوں میں ڈالیں۔
  • لینز کے استعمال میں وقفہ ڈال دیں۔

 

ان احتیاطوں کے ساتھ ساتھ ایسی چیزوں سے بھی   دُور رہیں جو آنکھوں کی الرجی میں اضافے کا سبب بنیں۔

 

ٹھنڈے پانی کی ٹکور

صاف کپڑے، پٹی یا پھر تولیے سے متاثرہ آنکھ پر  ٹھنڈے پانی کی ٹکور کی جا سکتی ہے۔ اگر دونوں آنکھوں پر ٹکور کرنا ہو تو احتیاط کریں کہ دونوں آنکھوں کے لئے الگ الگ پٹّی کا استعمال کریں۔

 

چائے کی پتّی

آنکھوں میں الرجی کے علاج کے لئے چائے کی پتّی کا استعمال نہایت موئثر طریقہ ہے۔ 2 چائے کی تھیلیاں  لیں اور ایک کپ گرم پانی میں ڈال  دیں۔ تھوڑی دیر بعد انہیں پانی سے نکال کر صاف پلیٹ میں ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔ آنکھیں بند کریں اور چائے کی تھیلیاں پپوٹوں پر رکھیں۔ اس طریقے کو آرام آنے تک  ہر روز،دن میں 3 یا 4 دفعہ دہرائیں۔

 

ڈیزی

ڈیزی کی چائے کو ٹھنڈا کر کے اس کی ٹکور  کرنا یا آنکھوں کو دھونا تکلیف سے نجات دلاتا ہے۔ استعمال کا طریقہ اس طرح ہے۔ ڈیزی کی چائے کی 2 تھیلیاں لیں  اور 5منٹ کے لئے ایک کپ گرم پانی میں رکھنے کے بعد نکال لیں۔ تھیلیوں کو فرج میں ٹھنڈا کر کے تقریباً  10 منٹ تک آنکھوں پر رکھیں۔ جلد شفا کے لئے دن میں 3 سے 4  دفعہ اس طریقے کو دہرائیں۔

علاوہ ازیں جس  پانی میں ڈیزی کی تھیلیوں کو بھگویا تھا  اس پانی سے  دن میں 2 سے 3 دفعہ آنکھوں کو دھویا جا سکتا ہے۔ احتیاط کریں پانی نیم گرم ہو۔

 

عرق گلاب

حقیقی عرق گلاب آرام بخش خصوصیت کی وجہ سے آنکھوں کی سُرخی دُور کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔ آنکھوں کو دن میں 2 سے 3 دفعہ اصلی عرق گلاب سے دھوئیں۔ عرق گلاب میں بھیگی ہوئی روئی کو دن میں 2 سے تین دفعہ 15 سے 20 منٹ کے لئے آنکھوں پر رکھیں۔

 

نیاز بُو

ایک مُٹھی نیازبُو کے اچھی طرح سے دھُلے ہوئے پتّے ایک کپ گرم پانی میں ڈالیں  اور ڈھکن بند کر کے 10 منٹ تک دم دیں۔ بعد میں پانی کو نتھار کر ٹھنڈا ہونے کے لئے رکھ دیں۔اس پانی سے دن میں 2 سے 3 بار آنکھوں کو دھوئیں۔ علاوہ ازیں ریشہ نہ چھوڑنے والے کپڑے سے اس پانی کے ساتھ گرم ٹکور بھی کی جا سکتی ہے۔

 

کھیرا

ٹھنڈا کھیرا آنکھوں کی الرجی، التہاب اور خارش کا بہترین   علاج ہے۔ کھیرے کے قتلے کاٹیں اور انہیں ٹھنڈا ہونے کے لئے فریج میں رکھ دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر ان قتلوں کو  10 منٹ تک یا ٹھنڈک ختم ہونے تک آنکھوں کے پپوٹوں پر رکھیں۔ اس طریقے کو دن میں چند مرتبہ دہرایا جا سکتا ہے۔

 

ٹھنڈا  دودھ

دودھ اُبال کر ٹھنڈا کریں اور اس میں صاف روئی کو بھگو کر آنکھوں کے ارد گرد اور پپوٹوں پر  ملیں۔ علاوہ ازیں ریشہ نہ چھوڑنے والی پٹّی کو بھی ٹھنڈے دودھ میں بھگو کر 15 سے 20 منٹ تک آنکھوں پر رکھا جا سکتا ہے۔ اس طریقے کو  دن میں 3 سے 4 دفعہ دہرایا جا سکتا ہے۔



متعللقہ خبریں