چشمہ شفاء ۔ 15

آج ہم آپ سے 'چیری کی خشک ٹہنیوں کے فوائد'  پر بات کریں گے

1743464
چشمہ شفاء ۔ 15

ڈاکٹر مہمت اُچار کے طبّی مشوروں پر مبنی پروگرام چشمہ شفاء کے ساتھ آپ کی خدمت میں حاضر ہیں۔

آج ہم آپ سے 'چیری کی خشک ٹہنیوں کے فوائد'  پر بات کریں گے۔ چیری کی خشک ٹہنیاں ایسی پُر شفا چیز ہے کہ جسے  روایتی طِب میں ایک تواتر سے استعمال کیا جاتا ہے۔

تو آئیے دیکھتے ہیں کہ چیری کی خشک ٹہنیوں کے فوائد کیا ہیں۔

 

1۔ پیشاب آور

چیری کی خشک ٹہنیوں کو فیٹو تھراپی میں ایک موثر اور قابل بھروسہ پیشاب آور جڑی بوٹی کے طور پر سینکڑوں سالوں سے استعمال کیا جا رہا ہے۔ یہ خشک ٹہنیاں دست آور اثرات رکھتی ہیں اور جسم میں سوجن کا سبب بننے والے پانی کو ذخیرہ ہونے سے روکتی ہیں۔ اس کے علاوہ جسم کی پراگندہ خون سے صفائی کے قدرتی  عمل میں مدد گار ثابت ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ڈیٹوکس پروگرام میں چیری کی خشک ٹہنیوں کو ایک تواتر سے ترجیح دی جاتی ہے۔

 

2۔ پیشاب کی نالیوں میں التہاب کا سدّباب کرتی ہیں

پیشاب آور اور پیپ کا سدباب کرنے کے خصائص کی حامل ہونے کی وجہ سے گردوں اور پیشاب کی نالیوں کی صفائی کرتی ہیں۔ چیری کی خشک ٹہنیوں کی چائے کا استعمال گردوں اور پیشاب کی نالیوں کی صفائی کرتا اور ان میں التہاب کے خطرے کا سدّباب کرتا ہے۔

 

3۔ چیری کی خشک ٹہنیاں گردوں کی پتھری کے اخراج میں بھی مدد دیتی ہیں۔

 

4۔  وزن  کم کرنے میں مدد کرتی ہیں۔

چیری کی خشک ٹہنیاں جسم کو فاسد مادوں سے صاف کر کے جسم میں چربی اور سیلولیوٹ  کے مسئلے کا خاتمہ کرتی ہیں۔ اس طرح وزن کم کرنے کے دوران جلد کی شکل اور لچک کو برقرار رکھنے میں مدد دیتی ہیں۔ اس سے بھی بڑھ کر انتڑیوں کے نظام کو معمول پر لاتی، جسم میں پانی کو ذخیرہ ہونے سے روکتی  اور اس طرح وزن کم کرنے کے عمل کو آسان بناتی ہیں۔ اس کے علاوہ چیری کی خشک ٹہنیاں خون میں شکر کی مقدار کو توازن میں لاتی اور اشتہاء کو کنٹرول کرنے میں مدد دیتی ہیں۔

 

5۔اینٹی گٹ اور اینٹی التہاب

مروڑ کی بیماری میں چیری کی خشک ٹہنیوں کا استعمال مروڑ کے حملوں میں کمی کرتا ہے۔

 

6۔ ماہواری اور سوجن میں مفید

ماہواری کے دنوں میں عورتیں عام طور پر جسم میں سوجن کی شکایت کرتی ہیں۔ ان دنوں میں چیری کی ٹہنیوں کو ابال کر پیا جائے تو نہ صرف جسم سے فاسد مادوں کے اخراج میں فائدہ ملتا ہے بلکہ جسم میں پیدا ہونے والی سوجن سے بھی نجات ملتی ہے۔

 

7۔سکون آور

رات کو سونے سے قبل چیری کی خشک ٹہنیوں کی چائے ایک پُر سکون اور گہری نیند سونے میں مدد دیتی ہے۔

 

8۔ بیننگ پروسٹیٹ  کے بڑھنے میں مفید ثابت ہوتی ہے۔

 

9۔  چیری کی خشک ٹہنیوں کے دیگر فوائد کچھ اس طرح ہیں۔

  • خون کی صفائی کرتی ہیں۔
  • کولیسٹرول کم کرتی ہیں۔
  • جگر کے لئے مفید ہیں۔
  • قبض کے خاتمے میں مدد دیتی ہیں۔
  • جوڑوں کے درد سے نجات میں موئثر ثابت ہوتی ہیں۔

­***چیری کی ٹہنیاں کیسے سُکھائی جائیں؟

یاد رکھیں کہ چیری کی ٹہنیاں استعمال کرنے سے پہلے انہیں خشک کرنا ضروری ہے۔ جب آپ چیری کھائیں تو ان کی ٹہنیوں کو محفوظ کر لیں اور نمی سے پاک اور تاریک جگہ پر 4 دن سے ایک ہفتے تک رکھیں ۔ ٹہنیوں کو قدرتی طریقے سے سوکھنے دیں۔ خشک ہونے پر ان ٹہنیوں کو ائیر ٹائٹ ڈبے میں محفوظ کر لیں۔

 

***چیری کی خشک ٹہنیوں کی چائے بنانے کا طریقہ۔

طریقہ نمبر 1

دیگچی میں ایک لیٹر پانی اور ایک مٹھی خشک ٹہنیاں ڈالیں اور  چولہے پر رکھ دیں۔ پانی ابلنے لگے تو آنچ دھیمی کر دیں اور 5 منٹ تک دھیمی آنچ پر ابلنے دیں۔ ٹھنڈا ہونے پر اس پانی کو چھان کر ایک شیشی میں بھر لیں۔ اس پانی کو زیادہ سے زیادہ 3 دن تک فریج میں محفوظ رکھا جا سکتا ہے۔

طریقہ نمبر 2

ایک گلاس  اُبلتے پانی میں 20 سے 25 عدد چیری کی خشک ٹہنیاں ڈالیں اور دھیمی آنچ پر 3 سے 4 منٹ تک ابالیں ۔ اس کے بعد چھان کر  استعمال کریں۔ ایک ہفتے تک دن میں ایک دفعہ اس چائے کا ایک  گلاس استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

*** اس چائے کو کتنے عرصے تک استعمال کرنا چاہیے؟

جسم کو فاسد مادوں سے پاک کرنے کے لئے کھانے سے آدھا گھنٹہ قبل یا پھر کھانے سے 2 گھنٹے بعد دن میں صرف ایک دفعہ ایک گلاس چیری کی خشک ٹہنیوں کی چائے استعمال کی جا سکتی ہے۔ استعمال کی مدت 2 ہفتے ہے لیکن متواتر 2 ہفتے نہیں۔ ایک ہفتے اس چائے کا  استعمال کرنے کے بعد 3 دن کا وقفہ ڈالا جائے اور دوبارہ ایک ہفتے تک استعمال کیا جائے۔

مردوں میں اس چائے کا استعمال کرنے کی عمر چالیس سال اور اس سے زائد ہے جبکہ عورتیں اس چائے کو پندرہ سال اور اس کے بعد استعمال کر سکتی ہیں۔ ماہواری کے دنوں میں خالی پیٹ یا کھانے کے بعد ہر روز ایک گلاس چیری کی خشک ٹہنیوں کی چائے استعمال کی جا سکتی ہے۔ اس چائے کو دوبارہ گرم کر کے یا پھر ٹھنڈا استعمال کیا جا سکتا ہے۔

 

*** چیری کی خشک ٹہنیوں کی چائے دن میں کتنی دفعہ استعمال کی جا سکتی ہے؟

پیشاب آور اور سوجن کا خاتمہ کرنے کی خصوصیات رکھنے کی وجہ سے دن میں زیادہ سے زیادہ 2 دفعہ خالی پیٹ استعمال کی  جا سکتی ہے۔ خاص طور پر شام کے کھانے سے پہلے اس چائے کے استعمال کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

 

*** چیری کی ٹہنیوں کے نقصانات اور سائیڈ افیکٹ

اگرچہ چیری کی خشک ٹہنیوں کا کوئی سائیڈ افیکٹ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود بہت زیادہ استعمال کی صورت میں جسم میں پانی کی کمی کر کے سائیڈ افیکٹ کا سبب بن سکتی ہیں۔ اس چائے کے زیادہ استعمال سے جسم سے کیلشئیم کے اخراج کی وجہ سے پیشاب کے راستوں میں پتھری والے افراد کو  اس کا محتاط  استعمال کرنا چاہیے۔



متعللقہ خبریں