ترکیہ کا پہلا خلاء باز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچ گیا

تقریباً 36 گھنٹوں کے خلائی سفر کے بعد Ax-3 کی ٹیم کل ترکیہ کے مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 42 منٹ پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچ گئی

2091369
ترکیہ کا پہلا خلاء باز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچ گیا

ترکیہ کے پہلے خلاء باز آلپر گزیر آوجی بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچ گئے ہیں۔

بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر ایکسئیم اسپیس کی ٹیم نے ترک خلاء باز سمیت ایکسیئم۔3 کی ٹیم کے لئے استقبالی تقریب کا اہتمام کیا۔

استقبالی تقریب  میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے آلپر گزیر آوجی نے کہا ہے کہ " بحیثیت ترکیہ ہم اپنی تاریخ میں پہلی دفعہ خلاء میں پہنچے ہیں۔ ہم سائنسی و تحقیقی کاموں میں کردار ادا کرنے کے بے صبری سے منتظر ہیں۔ میں، جمہوریہ ترکیہ کے بانی مصطفیٰ کمال اتاترک اور ان کے مسلح ساتھیوں کا،  اس وطن کے تمام شہداء کا، ترکیہ خلائی پروگرام کے آغاز کے پُر عزم ارادے کی وجہ سے اپنی  حکومت کا اور اپنی ملّت کا نہایت مشکور ہوں۔ مستقبل آسمانوں پر ہے"۔

استقبالیہ تقریب میں ٹیم کو 'بین الاقوامی خلاء باز بیج' پیش کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ تقریباً 36 گھنٹوں کے خلائی سفر کے بعد Ax-3 کی ٹیم کل ترکیہ کے مقامی وقت کے مطابق ایک بج کر 42 منٹ پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر پہنچ گئی تھی۔

ترک خلاء باز آلپر گزیر آوجی  14 دن تک خلاء میں 13 سائنسی تجربات کریں گے۔ خلائی اسٹیشن پر فرائض مکمل کرنے کے بعد خلاء باز زمین پر واپسی کے لئے ڈریگن کیپسول کے ذریعے اسٹیشن سے روانہ ہو جائیں گے۔

کیپسول کے زمین کے فضائی ماحول میں داخل ہونے کے بعد خلاء باز پیراشوٹوں کے ذریعے اورلینڈ کے کھُلے سمندر میں اتریں گے۔



متعللقہ خبریں