فرانس: کافی کی چسکیاں لیتی خاتون سے شہاب ثاقب آن ٹکرایا

فرانسیسی  میڈیا کے مطابق، یہ خاتون  شرمیک کے علاقے میں اپنی دوست کے ساتھ گھر کے ٹیرس پر بیٹھی ہوئی تھیں جب انہیں پسلی سے کچھ ٹکرانے کا احساس ہوا

2012997
فرانس: کافی کی چسکیاں لیتی خاتون سے شہاب ثاقب آن ٹکرایا

فرانس میں ایک خاتون  اپنے گھر میں دوست کے ساتھ کافی سے لطف اندوز ہو رہی تھیں جب ایک چھوٹا شہاب ثاقب آکر ان سے ٹکرا گیا۔

فرانسیسی  لاس درنیئرز نوویلز دی الساس اخبار کے مطابق، یہ خاتون  شرمیک کے علاقے میں اپنی دوست کے ساتھ گھر کے ٹیرس پر بیٹھی ہوئی تھیں جب انہیں پسلی سے کچھ ٹکرانے کا احساس ہوا۔

اس خاتون کا نام ظاہر نہیں کیا گیا اور انہوں نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ مجھے چھت پر دھماکے کی آواز سنائی دی تھی اور اس کے ایک سیکنڈ بعد میری پسلیوں کو دھچکا لگا اس وقت مجھے لگا کہ کوئی چمگادڑ مجھ سے ٹکرا گئی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ جب اس پتھر کو دیکھا تو ہمارا خیال تھا کہ وہ چھت کے سیمنٹ کا ٹکڑا ہے کیونکہ حال ہی میں وہاں ٹائلیں لگائی گئی تھیں۔

شہاب ثاقب سے ٹکراؤ کے بعد خاتون نے ایک کاریگر کو چھت کے معائنے کے لیے بلایا تو اس نے کہا کہ یہ سیمنٹ نہیں بلکہ شہاب ثاقب لگتا ہے۔

جس کے بعد خاتون نے اس ٹکڑے کو ایک ماہر ارضیات تھئیری ربمین کو دکھایا۔

ماہر ارضیات نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہاب ثاقب ہی ہے اور یہ خلائی چٹان آئرن اور سیلیکون پر مبنی لگتی ہے، جس کا مجموعی وزن 2 کلو گرام سے کم ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہاب ثاقب کے انسانوں سے ٹکرانے کے واقعات نہ ہونے کے برابر ہیں، درحقیقت اس سے پہلے صرف ایسا ایک واقعہ ہی ثابت ہو سکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عام جگہوں پر شہاب ثاقب کو تلاش کرنا بہت مشکل ہوتا ہے کیونکہ وہ دیگر عناصر میں مدغم ہو جاتے ہیں جبکہ صحرائی ماحول میں انہیں زیادہ آسانی سے دریافت کیا جا سکتا ہے۔

 



متعللقہ خبریں