کیا کتے سونگھ کر کینسر کا پتا چلاسکتے ہیں ؟

امریکا، برطانیہ اور جرمنی میں کتوں کے ذریعے کینسر کی تشخیص کے مختلف تجربات کیے جاچکے ہیں۔

761574
کیا کتے سونگھ کر کینسر کا پتا چلاسکتے ہیں ؟

 

نپن میڈیکل اسکول کے پروفیسر ماساؤ میاشیتا اپنے ساتھیوں کے ساتھ  جاپانی قصبے کانیاما میں   ایک انوکھا مطالعہ  کر رہے ہیں جس کا مقصد یہ جاننا ہے کہ  کتے سونگھ کر کینسر کا پتا چلا سکتے ہیں یا نہیں۔

مطالعے کےلیے مذکورہ قصبے کا انتخاب اس لیے کیا گیا ہے کیونکہ یہاں رہنے والے لوگوں کی بڑی تعداد معدے (پیٹ) کے سرطان میں مبتلا ہے۔

مطالعے میں شریک تمام افراد سے پیشاب کے نمونے لے کر ادارے کو بھجوائے جائیں گے جہاں خصوصی تربیت یافتہ کتوں کو ان کی بدبو سنگھائی جائے گی۔ یہ کتے اگر کسی نمونے کی بدبو سونگھ کر شدت سے بھونکنے لگیں گے تو اس کا مطلب یہ لیا جائے گا کہ متعلقہ فرد کو یا تو پیٹ کا کینسر ہوچکا ہے یا پھر وہ اس مرض میں مبتلا ہونے کے قریب ہے۔ البتہ اس بات کی تصدیق دوسرے طریقوں سے بھی کی جائے گی اور یہ دیکھا جائے گا کہ ان تربیت یافتہ کتوں نے پیٹ کے سرطان کی تشخیص درست طور پر کی ہے یا نہیں۔

ماساؤ میاشیتا کا دعوی ہے کہ ان کے تربیت یافتہ کتوں میں صرف سونگھ کر سرطان کو درست طور پر شناخت کرنے کی صلاحیت تقریباً 100 فیصد ہے اور یہ مطالعہ اسی بات کی باضابطہ تصدیق کرے گا۔

واضح رہے کہ کتوں کی سونگھنے کی طاقت دوسرے تمام جانوروں میں سب سے زیادہ سمجھی جاتی ہے اور منشیات سے لے کر دھماکا خیز مواد تک کو سونگھ کر تلاش کرنے کےلیے مختلف ادارے باقاعدہ تربیت یافتہ کتوں کا استعمال کررہے ہیں۔

ان ہی باتوں کی بنیاد پر طبّی ماہرین کا کہنا ہے کہ جس طرح کتوں کو منشیات وغیرہ سونگھ کر شناخت کرنے کے قابل بنایا گیا ہے اسی طرح انہیں تربیت دے کر سرطان جیسی خطرناک اور جان لیوا بیماریاں کھوجنے کے قابل بھی بنایا جاسکتا ہے۔

گزشتہ دو عشروں  میں امریکا، برطانیہ اور جرمنی میں کتوں کے ذریعے کینسر کی تشخیص کے مختلف تجربات کیے جاچکے ہیں اور سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ کتوں نے مریضوں کی سانس، جلد اور پیشاب کی بدبو سونگھ کر کئی اقسام کے سرطانوں کی 90 فیصد سے بھی زیادہ درستگی کے ساتھ تشخیص کی جبکہ بیماری کے ظاہری آثار بالکل بھی موجود نہیں تھے۔

دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ اوّل تو کتوں کے ذریعے سرطان کی تشخیص ابھی تک حتمی طور پر ثابت شدہ نہیں اور دوئم یہ کہ اگر کسی طرح کتوں کو صرف سونگھ کر سرطان شناخت کرنے کی تربیت دے بھی دی جائے تو یہ ایک طویل اور مہنگا عمل ہوگااور  ایسے کسی بھی ایک کتے کی تیاری میں 4 سے 5 سال کا عرصہ لگ جائے گا ۔

 



متعللقہ خبریں