حکومت نے ملکی برآمدات بڑھانے کا جامع منصوبہ ترتیب دیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کے ذہین نوجوان باہمت اور محنتی ہیں، ان نوجوانوں نے فری لانسر، سٹارٹ اپس سمیت دیگر کاروبار کے ذریعے ترقی کی، ہمارے ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارے نوجوان مختلف شعبوں میں بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں

2014121
حکومت نے ملکی برآمدات بڑھانے کا جامع منصوبہ ترتیب دیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ معاشی بحالی کے قومی منصوبوں کو تمام فریقوں کی حمایت حاصل ہے، برآمدات اور سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، آئی ٹی برآمدات کو 20 ارب ڈالر تک لے جانا چاہتے ہیں، آئی ٹی کے شعبہ میں برآمدات کے فروغ کیلئے نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کریں گے، سرمایہ کاروں کو ون ونڈو کے تحت سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) سیمینار اور آئی ٹی منصوبوں کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کے ذہین نوجوان باہمت اور محنتی ہیں، ان نوجوانوں نے فری لانسر، سٹارٹ اپس سمیت دیگر کاروبار کے ذریعے ترقی کی، ہمارے ملک کی 60 فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، ہمارے نوجوان مختلف شعبوں میں بہترین خدمات سرانجام دے رہے ہیں، ان میں بے پناہ ٹیلنٹ اور مہارتیں ہیں، یہ سہولیات کی عدم فراہمی، طریقہ کار میں مشکلات اور پیشہ وارانہ تعلیم و تربیت کے اداروں کی کمی کے باوجود بہترین پیشہ وارانہ خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے، نوجوانوں کو سہولیات کی فراہمی میں حائل رکاوٹیں دور کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آئی ٹی کے شعبہ میں 20 ارب ڈالر برآمدات کی صلاحیت ہے، ہم مشکل صورتحال کے باوجود نوجوانوں کی محنت اور مہارت سے ہر مقصد حاصل کریں گے، میرا سرمایہ کار میرا ماسٹر ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشی منصوبوں پر عملدرآمد سے ملک کو خوشحال بنائیں گے، ہم نے ایس آئی ایف سی کے ذریعے آگے بڑھنے کی سمت کا تعین کر لیا ہے، اس حکمت عملی میں وفاقی حکومت اور تمام صوبائی حکومتیں شامل ہیں، اس منصوبہ کے تحت زراعت، آئی ٹی، معدنیات اور دفاعی پروڈکشن کے شعبوں پر توجہ مرکوز کی جائے گی اور برآمدات کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولیات فراہم کی جائیں گی، کسی صورت بھی اس میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ خلیجی ممالک پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں، اگر وہ یہاں سرمایہ کاری کریں گے تو ان کو منافع ملے گا، پاکستان میں پیداوار میں اضافہ، ملازمتیں اور برآمدات کو فروغ ملے گا، مجھے اس ماڈل پر اعتماد ہے۔



متعللقہ خبریں