پاکستان کامقدرایک عظیم ملک بننا،بابائےقوم کےسنہری اصولوں پرعمل کرکےاس مقصد کاحصول ممکن ہے:عارف علوی

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائدِ اعظم کی سالگرہ کے حوالے سے قائد اور بچےکے عنوان سے تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا

1923426
پاکستان کامقدرایک عظیم ملک بننا،بابائےقوم کےسنہری اصولوں پرعمل کرکےاس مقصد کاحصول ممکن ہے:عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بچوں پر زور دیا ہے کہ بچے علم حاصل کریں، اپنے کردار کی نشوونما پر توجہ دیں اور اخلاقیات اور سچائی کو برقرار رکھیں ، پاکستان کو مضبوط بنانے کیلئے ”اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط” کے اصولوں پر عمل کریں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے قائدِ اعظم کی سالگرہ کے حوالے سے قائد اور بچےکے عنوان سے تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار، اسلام آباد کے مختلف سکولوں کے بچوں، والدین، اساتذہ اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔صدر مملکت نے کہا کہ بچے علم حاصل کریں، اپنے کردار کی نشوونما پر توجہ دیں، آزادی حاصل کرنا اور اسے برقرار رکھنا آسان نہیں ۔انہوں نے کہا کہ بچوں اور نوجوانوں کو اپنی صفوں میں اتحاد، ایمان اور تنظیم برقرار رکھتے ہوئے آزادی کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،پاکستان کا مقدر ایک عظیم ملک بننا ہے، بابائے قوم کے بتائے ہوئے سنہری اصولوں پر عمل کر کے اس مقصد کا حصول ممکن ہے ۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک کو مضبوط اور خوشحال بنانے کیلئے بچوں کی تعلیم اور تربیت پر توجہ دیں،صحیح وقت پر درست فیصلوں، زندگیوں کو اسلام کی اخلاقی اقدار ، اصولوں کے مطابق ڈھال کر ترقی کر سکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ قائداعظم بچوں کے لکھے گئے خطوط کا جواب دیا کرتے تھے،بچوں نے بھی تحریک پاکستان میں اپنا کردار ادا کیا ،بچوں نے اپنے جیب خرچ سے مسلم لیگ کے لیے قائداعظم کو عطیات بھیج کر مثالیں قائم کیں۔

ڈاکٹر عارف علوی نے کہاکہ قائد کے سیاسی مخالفین بھی ان کی سچائی اور کردار کی مضبوطی اور اصولوں کی پاسداری کو سراہتے تھے،پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کے لیے ہمیں تعلیم، علم اور ہنر کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ معاشی طور پر مضبوط ہو کر ملک کا دفاع اور سلامتی یقینی بنا سکتے ہیں۔

قبل ازیں بچوں نے تقاریر کے ذریعے قائداعظم کو خراج عقیدت پیش کیا ،بچوں کی تقاریر میں قائداعظم کی زندگی کے مختلف پہلوئوں، نوجوانوں اور بچوں سے ان کی محبت پر روشنی ڈالی،اسلام آباد کے مختلف سکولوں کے طلبا اور خصوصی بچوں نے ثقافتی پرفارمنس پیش کی ،تقریب میں ملک کے ثقافتی تنوع کو اجاگر کرنے والے ٹیبلوز پیش کیے گئے ، بابائے قوم کو زبردست خراج عقیدت پیش کیاگیا۔



متعللقہ خبریں