پاکستان میں دہشتگردی بھارت کروا رہا ہے: حنا ربانی کھر

حنا کھر نے کہا کہ پاکستان اس خطہ میں واقع ہے جہاں بہت سارے  مسائل ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور پاکستان نے اس جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں

1919150
پاکستان میں دہشتگردی بھارت کروا رہا ہے: حنا ربانی کھر

 پاکستان کی وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستان نے بھارت کے دہشت گردی میں ملوث ہونے پر مبنی دستاویز پیش کر دیئے ہیں، جوہر ٹاؤن لاہور واقعہ میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں اور اس واقعہ کے ذمہ داران بھارت کی پناہ میں ہیں، ملزمان کے ریڈ وارنٹ جاری کر دیئے گئے ہیں.

 بھارت دہشت گرد تنظیموں کی مدد کرتا ہے، عالمی برادری اسکا احتساب کرے، بھارت خطے میں موجود دہشت گرد تنظیموں کو پاکستان کیخلاف معاونت فراہم کررہا ہے،عالمی برادری اس کیخلاف کارروائی کرے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔ 

 بھارت کی تخریب کاریوں پر خاموش نہیں رہیں گے، یہ پڑوسیوں کے گھر جلائینگے تو شعلے انکے گھر بھی جائینگے، خطے میں غربت سمیت کئی گھمبیر مسائل کا سامنا ہے،ہمارا ہمسایہ دہشت گردی کو ہوا دیکر اقتصادی ترقی روکنا چاہتا ہے، جوہر ٹاؤن واقعہ کے ذمہ داران نئی دہلی کی پناہ میں ہیں،بھارت کےاقدامات سے پاکستان سمیت ہمسایہ ممالک کو سنگین خطرات ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان اس خطہ میں واقع ہے جہاں بہت سارے  مسائل ہیں، پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور پاکستان نے اس جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔

 انہوں نے کہا کہ بھارتی ایجنٹ کلبھوشن یادیو پاکستان میں پکڑا گیا، اس نے پاکستان میں دہشت گردی کا اعتراف کیا جبکہ گزشتہ تین سال کے دوران بھارت کی خفیہ ایجنسی را کی مدد سے حفاظتی قوتوں کے 211  اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، پی سی ہوٹل گوادر سمیت دہشت گردی کے مختلف واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت ہیں۔

حنا کھر نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری دورہ امریکہ کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اور جی۔77 پلس چین گروپ کے اجلاس میں بھارتی دہشت گردی کا معاملہ اٹھائیں گے۔

اس سے قبل وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ بھی بھارت پر الزام لگایا تھا کہ وہ پاکستان میں دہشت گردی کروا رہا ہے۔

 



متعللقہ خبریں