ملک میں معاشی ترقی ٹیکس وصول کیے بغیر ناممکن ہے، صدر عارف علوی

عوام سے ٹیکس کے حصول کے لیے ہمیں اعتماد کی فضا قائم کرنے کی ضرورت ہے

1905598
ملک میں معاشی ترقی ٹیکس وصول کیے بغیر ناممکن ہے، صدر عارف علوی

صدر مملکت پاکستان  عارف علوی کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی کیلئے ٹیکس نظام میں اصلاحات نا گزیر ہیں، ٹیکس چوری سے ملکی معیشت متاثر ہوتی ہے، ملک  اس وقت  سخت آزمائشوں سے گزر رہا ہے ، چھوٹی چھوٹی چپقلشوں میں پڑے رہے تو ہم  ترقی نہیں کر سکیں گے۔

صدر نے ان خیالات کا اظہار  گورنر ہائوس لاہور میں ٹیکس آگاہی کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صدرمملکت نے کہا کہ ٹیکس  اور مجموعی قومی پیدوار  کا موازنہ کرنے سے اس بات کا تعین ہوتا ہے  کہ ملک میں محصولات کی شرح صرف 9فیصد ہے،ٹیکس اکٹھا کرنے والے اداروں کو چاہئے کہ ٹیکس دہندگان کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کریں اور ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کریں۔ ملکی ترقی کے لئے ٹیکس  دینا لازم و ملزوم  ہے، ٹیکس چوری سے ملکی معیشت متاثر ہوتی ہے، بڑے افسوس کی بات ہے  کہ  ملک میں بہت کم شہری ٹیکس ادا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تبدیلی لانی ہے تو ہر شہری کو ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے ٹیکس ادا کرنا ہو گا کیونکہ ترقی یافتہ ممالک میں ہر شہری ٹیکس دیتا ہے۔ ٹیکس کی رقوم ملک وقوم کی ترقی کے لیے خرچ ہونی چاہیے ۔ سرکاری امور میں بلا وجہ  تاخیر سے رشوت ستانی کو فروغ حاصل ہوتا ہے جس سے کرپشن بڑھتی ہے۔ بحیثیت قوم ملکی ترقی کے لیے ہمیں خوشی کے ساتھ ٹیکس نیٹ میں شامل ہونا چاہیے اور جو ٹیکس نہیں دیتا تو ریاست کو یہ حق حاصل ہے کہ اس کے خلاف قانونی کارروائی کرے ۔

عارف علوی نے کہا کہ ٹیکس کا حصول کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے،عوام سے ٹیکس کے حصول کے لیے ہمیں اعتماد کی فضا قائم کرنے کی ضرورت ہے اور اس سلسلہ میں وفاقی محتسب اور ایف بی آر مل کر عوام کا اعتماد حاصل کرنے اور کرپشن روکنے کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ آج کے دور میں جدید ٹیکنالوجیز کا استعمال لازمی ہے۔

صدر مملکت نے خواتین کوہراساں کرنے کے حوالے سے کہا کہ خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات میں کمی لانے کیلئے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے، ہراسمنٹ میں کمی لانے سے خواتین معاشی و سماجی طور پر فعال کردار ادا کر سکیں گی۔ ترقی کیلئے ہمیں دنیا کی رفتار کے ساتھ آگے بڑھنا ہو گا ۔



متعللقہ خبریں