زخمی سابق وزیر اعظم کا اسپتال میں علاج معالجہ جاری

معالجین  کا عمران خان کومزید  دو ہفتے آرام کا مشورہ

1902496
زخمی سابق وزیر اعظم کا اسپتال میں علاج معالجہ جاری

پاکستانی میڈیا کے مطابق لانگ مارچ کے کنٹینر پر فائرنگ میں گولی لگنے سے زخمی عمران خان کا شوکت خانم اسپتال میں تیسرے روز بھی علاج معالجہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق 4 رکنی میڈیکل بورڈ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا طبی معائنہ کرے گااور مزید ٹیسٹ بھی کیے جائیں گے۔ معالجین  نے عمران خان کومزید  دو ہفتے آرام کا مشورہ دیا ہے، اور  آج اسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کا امکان ہے۔

واضح رہے کہ شوکت خانم اسپتال کے میڈیکل بورڈ نے گزشتہ روز عمران خان کی تمام میڈیکل رپورٹس کو تسلی بخش قرار دیا تھا۔

علاوہ ازیں عمران خان کی عیادت کے لیے  صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی شوکت خانم اسپتال آمد کا امکان ہے، اس ملاقات میں صدر ِمملکت اور سابق وزیر اعظم ملکی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال بھی کریں گے۔

دوسری جانب عمران خان کے وکیل نے  سپریم کورٹ میں توہین عدالت کیس کے التواء کی درخواست  دائر کی ہے ، جس میں انہوں نے کہا ہے  کہ میرا مؤکل افسوسناک واقعے کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہے جس بنا پراس معاملے پر جواب جمع کرانا ممکن نہیں، استدعا ہے کہ مقدمہ کو فی الحال سماعت کیلئے مقرر نہ کیا جائے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے توہین عدالت کیس میں عمران خان سے آج ہفتے تک جواب طلب کیا تھا، سپریم کورٹ نے کہا تھا کہ ہفتے کو ہی آئندہ سماعت کی تاریخ مقرر کرینگے۔



متعللقہ خبریں