عمران خان سیاست کے لیے نا اہل قرار،عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت میں جانے اور درخواست آج جمع کروانے کا اعلان کیا ہے

1896380
عمران خان سیاست کے لیے نا اہل قرار،عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ

الیکشن کمیشن آف پاکستان  نے پاکستان تحریک انصاف  کے چئیرمین عمران احمد خان نیازی کو توشہ خانہ ریفرنس کیس میں نااہل قرار دے دیا ہے۔

سابق وزیر اعظم کے خلاف جاری اس فیصلے کو ای سی پی کے کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد نے متفقہ طور پر جاری کیا ہے۔

الیکشن کمیشن نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ عمران خان  بدعنوانیوں میں ملوث رہے، ان کے خلاف فوجداری کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے سنائے گئے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان رکن قومی اسمبلی نہیں رہے۔

اس ریفرنس کے جواب میں عمران خان کی جانب سے جمع کرایا گیا موقف قابل تسلی نہیں ہے، عمران خان بدعنوانیوں میں ملوث رہے ہیں، ان کی قومی اسمبلی کی نشست کو خالی قرار دیا جاتا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف عدالت میں جانے کا اعلان کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے جنرل سکریٹری اسد عمر نے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ جانے کا اعلان کیا ہے۔

اسد عمر کا کہنا تھا کہ اس فیصلے کے خلاف آج ہی درخواست درج کروائی جائے گی۔

 سابق وزیراعظم عمران خان کو نا اہل قرار دیئے جانے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صداقت وامانت کا بُت پاش پاش ہوگیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں وزیراعظم نے لکھا کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ ریفرنس میں انصاف کیا، قوم نے دیکھ لیا کہ بدعنوانیاں کرکے وزیراعظم کے منصب کو ذاتی آمدنی کا ذریعہ بنایا گیا۔

انہوں نے مزید لکھاکہ صداقت وامانت کا بُت پاش پاش ہوگیا، قانون سے لڑنے، گولیاں، ڈنڈے چلانے، فسادی جتھے لانے کے بجائے قانون کے سامنے سر جھکائیں، کوئی قانون سے بالا نہیں۔



متعللقہ خبریں