موجودہ حکومت کا کام ماضی کوپیچھے چھوڑ کر پاکستان کےروشن مستقبل کےلئےمل کر کام کرنا ہے: شہباز شریف

ن خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا

1824443
موجودہ حکومت کا کام ماضی کوپیچھے چھوڑ کر پاکستان کےروشن مستقبل کےلئےمل کر کام کرنا ہے: شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں نے کبھی بھی زندگی میں ہار ماننا نہیں سیکھا۔ اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوششوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، اداروں کے خلاف پروپیگنڈے اور عوام کو دھڑوں میں تقسیم کرنے کی مذموم سازش بے نقاب ہو چکی ہے، ہر پاکستانی کا فرض ہے کہ وہ پاکستان اور اس کے اداروں کا اس فتنے کے خلاف بھرپور دفاع کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہائوس میں مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں مسلم لیگ (ن) کے تعلق رکھنے والے وفاقی وزراء اور ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پارلیمانی پارٹی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحادیوں کے تعاون سے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں، یہ اتحادی حکومت ہے، ماضی کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کے روشن مستقبل کے لئے مل کر کام کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کی پہنچ میں ہوں، آپ کسی بھی وقت مجھ سے براہ راست رابطہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ میری بطور خادم پاکستان پارلیمانی پارٹی سے پہلی ملاقات ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مصنوعی مینڈیٹ والی حکومت کو ان کے گھمنڈ اور غرور کی وجہ سے شکست ہوئی ہے۔ ہماری حکومت کو ورثے میں انتظامی و معاشی مسائل ، قرضے اور سیاست بچانے کے لئے لئے گئے غلط فیصلوں کے خطرناک معاشی مسائل ملے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ میں نے کبھی بھی زندگی میں ہار ماننا نہیں سیکھا۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں اشتعال انگیز بیان اور جھوٹے پروپیگنڈے سے انتشار پھیلانے کی مذموم کوشش کی جارہی ہے۔ اداروں کو سیاست میں گھسیٹنے کی کوششوں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ آئین اور قانون کے تحت ان اشتعال انگیز کوششوں پر سخت کارروائی کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ اداروں کے خلاف پروپیگنڈے اور عوام کو دھڑوں میں تقسیم کرنے کی مذموم سازش بے نقاب ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چاہتا ہے کہ یہاں انارکی ہو لیکن ہم سب کو مل کر اس فتنے سے ملک کی حفاظت کرنی ہے۔



متعللقہ خبریں