پاکستان میں اگلے عام انتخابات تین ماہ میں کرائے جائیں گے: وزیراعظم عمران خان

منگل کی شام گورنر ہائوس لاہور میں پارٹی ورکرز اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار پاکستان تحریک انصاف نچلی سطح پر مناسب مشاورت کے بعد اپنے نظریاتی کارکنوں کو ٹکٹ دے گی

1807739
پاکستان میں اگلے عام انتخابات تین ماہ میں کرائے جائیں گے: وزیراعظم عمران خان

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک میں اگلے عام انتخابات تین ماہ میں کرائے جائیں گے۔

منگل کی شام گورنر ہائوس لاہور میں پارٹی ورکرز اور عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بار پاکستان تحریک انصاف نچلی سطح پر مناسب مشاورت کے بعد اپنے نظریاتی کارکنوں کو ٹکٹ دے گی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ ، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ،سابق وفاقی و صوبائی وزرا سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ ٹکٹس کی نگرانی خود کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں پارٹی نے ٹکٹ دیتے ہوئے کچھ غلطیاں کیں جس کے نتیجے میں قیمت چکانی پڑی، تاہم ہم ان غلطیوں سے سیکھیں گے ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام آئندہ انتخابات میں ان سیاستدانوں کو سبق سکھائیں گے جو غیر ملکی سازش کا حصہ بنتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان غداروں نے ملک کی آزاد خارجہ پالیسی کو ختم کرنے کا منصوبہ بنایا ہے اور ہم ان غداروں کے خلاف ہر قیمت پر اور ہر فورم پر لڑیں گے۔

وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آج رات نماز عشا کے بعد ایف نائن پارک اسلام آباد میں پرامن احتجاج کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سازش کا حصہ بننے والے عناصر کی سیاست اگلے الیکشن میں ختم ہو جائے گی ۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے شفقت محمود کو روزانہ لاہور میں احتجاج کرنے کی ہدایت کی اور پنجاب کے گورنر عمر سرفراز چیمہ کو بھی مبارکباد دی۔



متعللقہ خبریں