حزب اختلاف پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے میں ناکام رہے گی

انہوں نے اتوار کے روز ضلع وہاڑی کے شہر میلسی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے پانچ سو ارب روپے کی اضافی رقم خرچ کرے گی

1790673
حزب اختلاف پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے میں ناکام رہے گی

وزیراعظم عمران خان نے جنوبی پنجاب کو الگ صوبہ بنانے کے لئے قومی اسمبلی میں بل پیش کرنے کا اعلان کیا ہے۔

انہوںنے اتوار کے روز ضلع وہاڑی کے شہر میلسی میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت جنوبی پنجاب کی ترقی کیلئے پانچ سو ارب روپے کی اضافی رقم خرچ کرے گی۔انہوں نے کہاکہ حکومت مہنگائی کے خاتمے‘ روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کررہی ہے ۔ وزیراعظم نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے گزشتہ برس ریکارڈ محصولات وصول کیے جو عوام کی بہبود کے لئے استعمال کیے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے اقدامات کیے ہیں جن سے ملکی ترقی کی راہ ہموار ہوگی۔

 وزیراعظم نے کہا کہ حکومت یوریا کی خریداری پر132 ارب روپے سبسڈی فراہم کررہی ہے جبکہ کمی پوری کرنے کے لئے چین سے کھاد درآمد کی جارہی ہے۔کورونا وائرس کے حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نے کورونا کے دوران قومی معیشت کو وبا کے تباہ کن اثرات سے بچانے کے لئے سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی کا اعلان کیا۔

عمران خان نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران پاکستان کی معیشت اور بنیادی ڈھانچے کو بڑا نقصان ہوا ہے۔وزیراعظم نے احتجاجی مارچوں اورتحریک عدم اعتماد کے بارے میں اس عزم کااظہارکیا کہ حزب اختلاف پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے میں ناکام رہے گی کیونکہ حکومت کو اپنی تمام اتحادی جماعتوں کی حمایت حاصل ہے۔وزیراعظم نے کہاکہ حکو مت نے قانون کی حکمرانی قائم کرنے اور عوام کو سستا اور فوری انصاف فراہم کرنے کا عزم کررکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ڈیموں کی تعمیر پرتوجہ دے رہی ہے جن کی بدولت پاکستان کو عالمی سطح پر قیمتوںکے اتار چڑھائو کے اثرات سے محفوظ کرنے میں مدد ملے گی کیونکہ مستقبل میں پن بجلی پیدا کی جائے گی۔روس اور یوکرین کے درمیان حالیہ کشیدگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے تنازعے کے پرامن حل کیلئے مذاکرات اور سفارت کاری کی ضرورت پر زوردیا۔

 



متعللقہ خبریں